حق والے ہمیشہ غالب آتے ہیں تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں قرآن مجید ہمیں یقین دلاتا ہے:
حق والے ہمیشہ غالب آتے ہیں
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
قرآن مجید ہمیں یقین دلاتا ہے:
“اگر تم سچے ہو تو تم ہی غالب رہو گے۔”
یہ وعدہ کسی لیڈر، کسی مفکر یا کسی دانشور کا نہیں بلکہ خود ربِ کائنات کا ہے، جو نہ بدلتا ہے، نہ جھوٹ بولتا ہے اور نہ کسی سے ڈرتا ہے۔
اسلام کی تاریخ گواہ ہے کہ جب کوئی حق پر ہوتا ہے، وہ تنہا ہو تب بھی وہی کامیاب ہوتا ہے۔ غزوۂ بدر میں صرف 313 مؤمنین تھے، نہ ساز و سامان، نہ وسائل، لیکن دل میں یقین تھا۔ ان کے مقابلے میں ہزار کا لشکر آیا، مگر شکست اس کا مقدر بنی۔ کیونکہ جیت کا راز تعداد میں نہیں، صداقت میں ہوتا ہے۔
کربلا کی سرزمین پر بھی تو یہی سبق دیا گیا۔ ایک طرف یزید کی سلطنت، مال و زر، فوجیں اور حکم تھا۔ دوسری طرف حسینؓ اور ان کا قافلہ تھا، جس کے پاس نہ پانی تھا، نہ اسلحہ، مگر ان کے دل میں اللہ کا خوف اور صداقت کا علم بلند تھا۔ نتیجہ؟ آج پوری دنیا حسینؓ کے قدموں میں سلام پیش کرتی ہے، اور یزید کا نام لعنت کے سوا کچھ نہیں۔
آج جب ہم ایران اور اسرائیل کی کشمکش دیکھتے ہیں، تو پھر ایک ہی اصول یاد آتا ہے۔ اسرائیل کے پیچھے بتیس ممالک کی سپورٹ ہو سکتی ہے، جدید ٹیکنالوجی ہو سکتی ہے، لیکن اگر ایران مظلوموں کا ساتھ دے رہا ہے، اگر وہ ظالم کے خلاف کھڑا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔ کیونکہ اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ایمان والوں کی مدد ضرور کرے گا۔
سچ کی طاقت یہ ہے کہ وہ اکیلا ہو کر بھی دنیا کے جھوٹ پر غالب آ جاتا ہے۔ اور جھوٹ، خواہ کتنا ہی پھیلا ہوا ہو، حق کے سامنے مٹ جاتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ہم خوف کے نظریے کو رد کریں، باطل کی طاقت سے مرعوب نہ ہوں، اور حق کا علم بلند رکھیں۔ دنیا کی سپر پاورز، اتحادی فوجیں، میزائل سسٹم اور معاشی پابندیاں — یہ سب وقتی ہیں۔ جو چیز باقی رہتی ہے، وہ صرف اللہ کا وعدہ اور سچائی کا سفر ہے۔
دعا ہے کہ ہم اس دورِ فتن میں حق کا ساتھ دینے والے بنیں، اور اللہ ہمیں ان لوگوں میں شامل کرے جنہیں وہ خود غالب کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
دعا آن لائن نیوز