آئینہ وقت عنوان: جب ایران بولا… اور ہمارے “باذوق” دانشور چپ ہو گئے تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت
عنوان: جب ایران بولا… اور ہمارے “باذوق” دانشور چپ ہو گئے
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
دنیا میں جنگ کی نئی شروعات ہو چکی ہے، اور اس بار سناٹا ہمارے ایوانِ صحافت میں ہے۔ ایران نے برسوں کے زخم سہنے کے بعد پہلی بار اسرائیل پر براہِ راست حملہ کیا۔ کئی دہائیوں سے جو صرف نعرے سنتے آ رہے تھے – “مرگ بر اسرائیل” – اب ان نعروں کے نیچے عملی بارود رکھ دیا گیا ہے۔ مگر پاکستانی میڈیا کا بڑا حصہ… خاموش ہے۔ جیسے ان کے گھروں پر میزائل گر گئے ہوں۔ جیسے کوئی عدالتی حکم آیا ہو کہ اس موضوع پر بولنا منع ہے۔
ہماری صحافت کے بڑے بڑے علمبردار، جو ہر مسئلے پر 8 بجے کی اسکرین پر چڑھ دوڑتے ہیں، اب پرائم ٹائم میں ایران-اسرائیل تنازع پر یا تو چپ ہیں یا بات کو گھما کر مشرقِ وسطیٰ کی “معاشی پیچیدگیوں” تک محدود کر دیتے ہیں۔ نہ ایران کی جرأت کا ذکر، نہ اسرائیل کی بوکھلاہٹ کا تجزیہ۔
اور یہ خاموشی صرف صحافت تک نہیں، بلکہ ٹاؤٹس اور کچھ مخصوص سیاسی ہمدردوں تک بھی پھیلی ہوئی ہے۔ وہی لوگ جو ہر بات پر ایران کو “شیعہ ایجنڈا” کہہ کر مسترد کرتے رہے، اب زبان دانتوں تلے دبائے بیٹھے ہیں۔ نہ مذمت، نہ حمایت۔ جیسے انہیں اجازت کا انتظار ہو۔ جیسے کسی نے “لفافہ” کھینچ لیا ہو یا شاید ابھی تک لفافہ پہنچا نہیں۔
پٹواری طبقہ جو ہر موقعے پر گلا پھاڑ کر “جمہوریت خطرے میں ہے” کا راگ الاپتا ہے، وہ بھی مکمل خاموش ہے۔ شاید اس بار ان کا ٹیلی پرامپٹر بند ہے یا انہیں نئے اسکرپٹ کا انتظار ہے۔
سوال یہ ہے کہ اگر ایران کا حملہ غلط ہے تو کھل کر مذمت کیوں نہیں؟ اور اگر یہ درست ہے تو تحسین کیوں نہیں؟ یا پھر حقیقت یہ ہے کہ ان کا ضمیر صرف اس وقت جاگتا ہے جب ان کے سیاسی آقاؤں کے مفادات کو ٹھیس پہنچے؟
پاکستان میں صحافت کا زوال کوئی نئی خبر نہیں، لیکن یہ خاموشی بتاتی ہے کہ اب یہ زوال ضمیر کی قبروں تک جا پہنچا ہے۔ جو صحافی قوم کو سچ بتانے کے دعوے دار تھے، وہ اب عالمی حالات پر بولنے سے کتراتے ہیں۔ اور جو بولتے ہیں، وہ صرف اس اسکرپٹ کے تحت جس کی منظوری کہیں اور سے آئے۔
ایران نے نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو ایک نیا پیغام دیا ہے: کہ مزاحمت ممکن ہے، اگر نیت ہو۔ سوال یہ ہے کہ ہمارے ملک میں مزاحمت کے دعوے دار صحافی اور دانشور صرف جلسوں میں نعرے ماریں گے یا کسی دن ضمیر کی آواز پر بھی بولیں گے؟
کیونکہ جب ایران بولا، تو ہمارے “باذوق” دانشور چپ ہو گئے…