بجٹ ھے یا پاکستانی قوم کا خون نچوڑا کیا ھے غربت کی چکی میں پسے پاکستانیوں پر پہاڑ ٹوٹ پڑا
بجٹ ھے یا پاکستانی قوم کا خون نچوڑا کیا ھے غربت کی چکی میں پسے پاکستانیوں پر پہاڑ ٹوٹ پڑا
ملکی بجٹ مالی سال 2025-2026 کے لیے پیش کیا جا چکا ہے، اور ایک بار پھر قوم کے سامنے ایک بھاری بھرکم ہدف رکھ دیا گیا ہے — 14 ہزار ارب روپے کا ٹیکس۔ یہ ہدف محض ایک عدد نہیں، بلکہ ایک سوچ، ایک رویہ اور ایک پالیسی کی عکاسی کرتا ہے، جو برسوں سے اس ملک کے عام شہری کو نچوڑنے کی عادی ہو چکی ہے۔
عوامی متحدہ موومنٹ پاکستان، یہ سوال اٹھانا اپنا فرض سمجھتی ھے کہ کیا یہ ہدف عوامی حقیقی مسائل کو نظر انداز کرکے بنایا گیا ہے؟ کیا اس ملک کے کروڑوں شہری، جو پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری، کمزور معیشت اور ریاستی بے حسی کا سامنا کر رہے ہیں، اس بوجھ کو اٹھا سکیں گے؟
ہم نے اس ہدف کو سمجھنے کے لیے ایک عمومی اور زمینی پیمانہ اختیار کیا۔ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے، مگر ان میں سے تمام لوگ آمدنی یا معیشت سے براہ راست وابستہ نہیں۔ بچوں، بوڑھوں، معذوروں، طلبہ اور گھریلو افراد کو نکال دیا جائے تو تقریباً 15 کروڑ ایسے شہری رہ جاتے ہیں جو کسی نہ کسی انداز میں معاشی طور پر سرگرم ہیں۔ اگر یہی طبقہ اس ہدف کا بوجھ اٹھانے والا ہے، تو ہر شخص کے حصے میں سالانہ 93 ہزار روپے سے زائد آتے ہیں۔ یہ رقم ماہانہ تقریباً 7،800 روپے بنتی ہے۔
یہ حساب کاغذ پر تو سیدھا لگتا ہے، مگر حقیقت میں اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک دیہاڑی دار مزدور، ایک چھوٹا دکاندار، ایک تنخواہ دار ملازم، ایک رکشہ والا، سب کو اتنا ٹیکس دینا ہوگا — براہ راست نہیں تو بالواسطہ، اشیائے خورونوش، ایندھن، بجلی، گیس، دوائی اور ہر چیز کی قیمت میں۔
یہ وہی عوام ہیں جو آج پینے کے صاف پانی، سستی دوائی، معیاری تعلیم اور انصاف سے محروم ہیں۔ ان سے یہ مطالبہ کرنا کہ وہ اربوں روپے کے خسارے، ہر روز بڑھتی ھوئی کرپشن، ناکام پالیسیوں اور اشرافیہ کی عیاشیوں کا بوجھ بھی اٹھائیں اس غریب ملک کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔
ہم بحیثیت عوامی متحدہ موومنٹ پاکستان کے تمام نمائدگان اور کارکن یہ سمجھتے ہیں کہ ٹیکس کا نظام وقت تک مستحکم نہیں ہو سکتا جب تک وہ پاکستانی قوم کے اعتماد اور انصاف پر مبنی نہ ہو۔ ٹیکس صرف اعداد نہیں، بلکہ ریاست اور عوام کے درمیان ایک معاشی معاہدہ ہوتا ہے۔ جب ریاست صرف لینے کی عادی ہو اور بدلے میں کچھ نہ دے، تو یہ معاہدہ یکطرفہ بن جاتا ہے — اور یکطرفہ معاہدے ٹوٹ جاتے ہیں۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:
1. ٹیکس نظام کو مکمل طور پر ازسرنو تشکیل دیا جائے۔
2. بالواسطہ ٹیکسوں کی بجائے براہ راست ٹیکسوں پر زور دیا جائے۔
3. بڑے زمینداروں، ریئل اسٹیٹ مافیا، بینکوں، اور غیر دستاویزی دولت پر مکمل گرفت کی جائے۔
4. ٹیکس دینے والوں کو ریاستی خدمات، عزت، اور تحفظ دیا جائے۔
5. ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لیے رضاکارانہ اصلاحات، ڈیجیٹل نظام، اور عوامی شعور بیدار کیا جائے۔
عوامی متحدہ موومنٹ پاکستان نہ صرف یہ سوال اٹھاتی ہے بلکہ ایک متبادل معاشی وژن بھی رکھتی ہے — ایک ایسا نظام جہاں عام آدمی کی محنت کی قدر ہو، اور ٹیکس دینا بوجھ نہیں، اعزاز محسوس ہو۔
یہ قوم قربانی دینے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ اُنہیں یقین ہو کہ ان کی قربانی ضائع نہیں جائے گی۔ لیکن اگر ہر سال بجٹ صرف اشرافیہ کے مفاد، قرضوں کی قسطیں، اور پرتعیش اخراجات کے لیے بنایا جائے تو یہ نہ بجٹ ہوتا ہے نہ ریاست — یہ صرف ایک استحصالی دستاویز بن جاتی ہے۔
عوامی متحدہ موومنٹ پاکستان اس ظالمانہ بجٹ کو سو فیصد مسترد کرتی ھے
منجانب
اے ایم ایم پاکستان