November 16, 2026

حاتم طائی کی قبر پر لات ✍️ محمد حنیف شاہد ارائیں

20250610_032439

حاتم طائی کی قبر پر لات

✍️ محمد حنیف شاہد ارائیں

کہتے ہیں حکمرانوں کو عوام کا درد ہوتا ہے۔
مگر ہمارے حکمرانوں کو صرف “دردِ سر” ہوتا ہے، وہ بھی عوام کی چیخوں سے!

حال ہی میں وفاقی حکومت نے بجٹ پیش کرتے ہوئے
ایک ایسا “انقلابی کارنامہ” سرانجام دیا ہے کہ
اگر حاتم طائی کی روح کو خبر ہو جائے تو وہ خود قبر سے نکل کر حکومت سے پوچھے:
“بھئی تم نے سخاوت کو گالی بنا دیا ہے یا لطیفہ؟”

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6 فیصد اضافہ
پنشنرز کے لیے 7 فیصد کا “احسان”
اور دوسری طرف…

اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور اہم سرکاری افسروں کی تنخواہوں میں 600 فیصد اضافہ!

جی ہاں، چھے سو فیصد!
یعنی اگر پہلے تنخواہ 2 لاکھ تھی تو اب 14 لاکھ۔
اور اگر کسی ریٹائرڈ چپراسی کی پنشن 10 ہزار ہے تو اب ہو گئی 10 ہزار 700 روپے۔

کیا خوب “برابری” ہے،
ایک کے لیے “بجٹ کا قورمہ”
اور دوسرے کے لیے “الف ننگا چھولے”۔

غریب ملازم کے لیے 6 فیصد اضافہ ایسے ہے جیسے
پیاسے کو ریگستان میں نمکین پانی پلا دیا جائے۔

خان صاحب، وزیر اعظم صاحب، وزرا اور مشیرانِ کرام!
اگر آپ کی تنخواہیں پہلے بھی پوری نہیں ہو رہی تھیں،
تو بیچارہ استاد، خاکروب، نائب قاصد، کلرک، نرس، پولیس اہلکار اور ریٹائرڈ بزرگ کس زمین پر جئیں؟
یا انہیں صرف ووٹ ڈالنے اور پھر صبر کی تلقین کرنے کے لیے رکھا گیا ہے؟

اگر یہی “ترقی” ہے تو
خدا ہمیں ایسی ترقی سے محفوظ رکھے
اور آپ کو ایک دن عام بازار سے ٹماٹر خریدنے کی توفیق دے!

حاتم طائی کی قبر پر واقعی لات مار دی گئی ہے،
اور وہ لات اس قوم کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑنے کے لیے کافی ہے۔

✍️ محمد حنیف شاہد ارائیں
(قلم کی بھٹی سے نکلی تلخی، شاید کسی حکمران کو جھلسا دے…)