November 16, 2026

ادب، خلوص اور جمالیات کے حسین امتزاج کی کہانی ، ملک بشیر گوندل کی زبانی خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20250504-WA0135(1)

ادب، خلوص اور جمالیات کے حسین امتزاج کی کہانی ، ملک بشیر گوندل کی زبانی

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ملک بشیر گوندل کا نام وطن عزیز کے علمی و ادبی حلقوں میں ہرگز کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ آپ تھل کے ایک پسماندہ اور دور افتادہ گاوں میں رہ کر علم و ادب کی ترویج کےلیے مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں. آپ انتہائی ہردلعزیز طبیعت کے مالک ہیں۔ ملنساری ،سادگی ، ہنس مکھی اور خوش گفتاری آپ کی شخصیت کے اوصاف حمیدہ ہیں. ملک بشیر گوندل علاقہ تھل کی تاریخ میں سالانہ ملک گیر سرائیکی و پنجابی مشاعرہ منعقد کروانے کا منفرد اعزاز رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے سرائیکی اور پنجابی ادب کو خصوصی فروغ مل رہا ہے۔ موصوف نے طویل عرصہ تک بطور معلم محکمہ ء تعلیم ضلع بھکر کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ اپنی انہی مساعی جمیلہ کی وجہ سے ملک بشیر گوندل علمی و ادبی حلقوں میں جہاں نامور ہیں وہیں آپ کو علاقہ بھر میں نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھاجاتا ہے۔ زیر نظر کالم کے عنوان کے حوالے سے ملک بشیر گوندل نے بتایا کہ
ادب دوستی، مہمان نوازی اور خلوص کا ایک حسین امتزاج اگر کسی ایک دن میں دیکھنے کو ملا تو وہ 19 اپریل کی شام تھی، جسے ہماری یادداشت کبھی فراموش نہ کر سکے گی۔ اس موقع پر جس گرمجوشی، محبت اور ادبی ذوق کا مشاہدہ ہوا، وہ بے مثال تھا۔
ہمارے معزز دوست ۔۔۔۔۔۔۔۔ بابر حسن بھروانہ ، جنہوں نے 1995-96 میں بطور اے ڈی سی جی بھکر میں شاندار خدمات سر انجام دیں اور بعد ازاں کمشنر اور سیکرٹری کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے، آج کل الیکشن کمیشن پنجاب کے معزز رکن کی حیثیت سے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ وہ ماضی میں گوہروالہ کے مشاعروں کی زینت بھی رہے ہیں، اور ان کی ادبی وابستگی ہمیشہ باعثِ مسرت رہی ہے۔
اسی سلسلے میں ہمارے ایک اور محترم دوست الطاف بھروانہ نے ہمیں چار یا پانچ اپریل کو فون کیا۔ انہوں نے خوش خبری دی کہ مہربابر حسن کی معرفت ہمارے قدرمند دوست فضل عباس اور غلام عباس مہیا ایک شاندار ادبی نشست کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ کو ذمے داری سونپنا چاہتے ہیں کہ آپ معروف شعراء کرام مصطفی ا خادم، اصغر گورمانی اور یوسف سنجرانی کو مدعو کریں۔ چنانچہ طے شدہ تاریخ 19 اپریل مقرر ہوئی۔۔۔۔۔
ہم اپنے دیرینہ دوست ایڈووکیٹ احسان تھند کے ہمراہ شام پانچ بجے غلام عباس اور فضل عباس مہیا کے دولت کدہ پر ملتان پہنچے۔ یہاں پہنچ کر ایک ایسی دل نشیں دنیا میں قدم رکھا جس کا حسن الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان کا شاندار اور وسیع و عریض ریسٹ ہاؤس اپنے جمالیاتی حسن، نفاست اور ترتیب میں اپنی مثال آپ تھا۔ پرانی گاڑیوں کے نایاب ماڈلز کو دیکھ کر ہم اش اش کر اٹھے۔ وہ تاریخی ورثہ جو اس جگہ میں محفوظ ہے، دیکھنے والوں کے دل کو خوشی اور حیرت سے بھر دیتا ہے۔۔ریسٹ ہاؤس کی دلکشی میں جہاں فطرت کے رنگ اور نایاب گاڑیاں شامل تھیں، وہیں اصیل نسل کے گھوڑوں کی موجودگی نے منظر کو شاہانہ جاہ و جلال عطا کر دیا۔ چمکتی ہوئی آنکھوں، مضبوط جسم اور سنبھلے ہوئے انداز سے یہ گھوڑے نہ صرف میزبانوں کے ذوق کا پتہ دے رہے تھے بلکہ ایک عہدِ رفتہ کی شرافت و وجاہت کی تصویر بھی پیش کر رہے تھے۔۔۔۔۔ریسٹ ہاؤس کی دلکشی اور سحر انگیزی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں ببر شیر بھی موجود تھے، جنہیں دیکھ کر دل خوشی اور حیرت کے امتزاج سے جھوم اٹھا۔ یہ منظر گویا ہمیں کسی شاہی دربار یا نایاب عجائب گھر میں لے گیا، جہاں جرات، عظمت اور جمال ایک ساتھ جلوہ گر ہوں۔ ببر شیر کی موجودگی اس بات کا اعلان تھی کہ میزبانوں کا ذوقِ جمال صرف فطری حسن تک محدود نہیں بلکہ وہ شکوہِ سلطانی کو بھی اپنے ماحول میں سمیٹنا جانتے ہیں۔ حقیقتاً، ایسا ریسٹ ہاؤس صرف خوابوں میں دکھائی دیتا ہے، جسے غلام عباس اور فضل عباس مہیا نے حقیقت کا روپ دے دیا۔۔۔ریسٹ ہاؤس کے بعد ہمیں ان کے فارم ہاؤس پر لے جایا گیا، جو بوسن اڈہ کے قریب واقع ہے جب ہم غلام عباس اور فضل عباس مہیا کے وسیع و عریض فارم ہاؤس میں داخل ہوئے تو ایسا محسوس ہوا جیسے فطرت نے اپنے تمام رنگ، خوشبوئیں اور لطافتیں سمیٹ کر اس گوشۂ ارضی پر نچھاور کر دی ہوں۔۔۔۔اسے دیکھ کر یوں لگتا ہے گویا کوئی مصور قدرتی مناظر کو کینوس پر اتار کر چلتا بنا ہو۔ ہر قدم پر رنگ برنگے پھول، خوش نوا پرندے۔۔۔۔۔ یہ فارم ہاؤس بائیس کنال پر مشتمل ہے اور قدرتی حسن کا ایک ایسا مرقع ہے جو نہ صرف دیدہ زیب ہے بلکہ روح کو تازگی بخشنے والا بھی جہاں قدرت اور سلیقہ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے رقص کرتے ہیں۔ ہر گوشہ ایک نیا منظرنامہ پیش کرتا ہے ہر چیز گویا ایک خوابیدہ نظم کا عکس ہے۔۔۔ ہر سمت سبزہ، رنگ برنگے پھول، دلکش درخت، نایاب پرندے اور سلیقے سے ترتیب دی گئی کیاریاں ایک جنت نظیر منظر پیش کر رہی تھیں۔ فارم کی ترتیب، نفاست اور فطری خوبصورتی نے ہمیں ایسا مسحور کیا کہ ہم کچھ دیر کے لیے وقت کی گردش سے آزاد ہو گئے ہر چیز گویا گواہی دے رہی تھی کہ ۔۔۔اس مقام کی دیکھ بھال فقط ذوق نہیں بلکہ ایک عاشقانہ وابستگی کا نتیجہ ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ فارم ہاؤس ایک روح افزاء تجربہ تھا جسے ہم اپنی یادداشت کے قیمتی اوراق میں محفوظ کیے بغیر نہ رہ سکے۔
اور جب دعوتِ طعام کا مرحلہ آیا تو گویا خلوص، ذائقے اور سلیقے نے ایک حسین رقص کا سماں باندھ دیا۔۔۔۔
اس خوبصورت شام کا اوجِ کمال وہ پرتکلف عشائیہ تھا جو محبت، خلوص اور ذائقے کی لازوال مثال بن کر ہمارے دل میں ہمیشہ کے لیے بس گیا ہے۔ ہر ہر ڈش میں اور ہر لقمے میں مہمان نوازی کا خلوص جھلک رہا تھا۔۔۔۔۔ذائقے کی لطافت، اور پیشکش کی شائستگی نے عشائیے کو ایک روحانی ضیافت میں بدل دیا۔۔۔ ایسی پرخلوص ضیافت کا مزہ کم ہی نصیب ہوتا ہے۔ بشیر گوندل کے مطابق
ادبی نشست کا آغاز ہوا تو محفل علم و فن کے انمول موتیوں سے جگمگا اٹھی۔۔۔۔۔ادبی نشست کی صدارت مہر بابر حسن بھروانہ جیسے کہنہ مشق اور ادب دوست شخصیت نے فرمائی، جن کا وجود خود اس محفل کی وقعت کو دوبالا کر رہا تھا۔ مہمانانِ خاص میں فتح خالد خالق (ایم پی اے) خوشاب ، مہر احسن بھروانہ آفیسر ٹیکسلا، لیاقت لالی اور (بشرگوندل بذات خود ) شامل تھے، جنہیں میزبانوں کی محبت اور ادب نوازی کے باعث اس محفل کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان معزز ہستیوں کی موجودگی نے نشست کو وقار، اعتبار اور وقعت عطا کی، جس کی جھلک ہر لمحے میں نمایاں رہی۔ دوران نشست تمام شعراء کرام نے اپنی تخلیقات سے دلوں کو خوب گرمایا۔۔۔۔ہر شاعر نے اپنے کلام سے سامعین کے دل موہ لیے۔ ہر شعر پر داد و تحسین کے شور سے ماحول گونج اٹھا۔ ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے معروف پنجابی شاعر ناصر نے اپنے منفرد اور دل کو چھو جانے والے کلام سے محفل کو عروج بخشا۔
یہ ادبی نشست، میزبانوں کی محبت، ان کے حسنِ سلوک، بہترین انتظامات، خوبصورت ماحول اور خلوصِ دل سے کی گئی یہ نشست تہذیبی حسن، اور روایتوں کی پاسداری کا بھی حسین اظہارتھی۔۔۔بشیر گوندل کہتے ہیں کہ میزبانوں کی میزبانی ہمارے قلوب پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو گئی ہے۔ غلام عباس اور فضل عباس مہیا نے جس محبت سے ہمیں مدعو کیا، جس محبت سے وقت گزارا، اور جس خلوص سے وعدہ کیا کہ وہ ہمارے مشاعرے میں شرکت کریں گے، وہ ایک لازوال یاد ہے۔ برسبیل تذکرہ ،یاد رہے
تھل سرائیکی چانڑاں گوہروالہ 1989ء سے سرائیکی ادب کی ترویج میں مصروفِ عمل ہے،۔ بشرگوندل کہتے ہیں کہ ہم تہہ دل سے ان تمام احباب کا شکریہ ادا کرتا ہیں جنہوں نے اس حسین موقع کو ممکن بنایا۔ ان کی محبتیں اور خلوص ہمارے دل پر قرض کی مانند ہیں جنہیں الفاظ ادا نہیں کر سکتے۔ اس قحط الرجال کے دور میں ایسے پرخلوص، باوفا اور ادب نواز افراد کا میسر آ جانا یقیناً اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اللہ تعالیٰ ان تمام عظیم دوستوں کو صحت، خوشحالی اور زندگی کی ہر خوشی سے نوازے۔ آمین۔