انتخاب،،، فوزیہ ممتاز رانجھا بنیاد کا پتھر
انتخاب،،، فوزیہ ممتاز رانجھا
بنیاد کا پتھر
آصف زرداری کبھی میرےہیرو نہیں تھے مگر اس میں میرا کوئ قصور نہیں تھا محترمہ بے نظیر بھٹو کی ذات سے جڑی ہوئ جدو جہد کی سحر انگیز داستانیں کسی اور طرف دیکھنے ہی نہیں دیتیں تھیں انکے قریب کوئ کتنا بھی اہم کیوں نا ہو مرکز نگاہ وہی رہتیں سو آصف زرداری بس انکے خاوند کی حیثیت سے عزیز تھے لیکن اگر وہ ہیرو نہیں تھے تو ولن بھی نہیں لگتے تھے زرداری صاحب کی جو پہلی تصویر اخبار میں دیکھی اس میں وہ جلسے کے اندر محترمہ کے چہرے سے پھولوں کی پتیاں اتار رہے تھے محترمہ کے چہرے پر طمانیت اور زرداری صاحب کا والہانہ پن خوبصورت لگا انکے چہرے پر بھاری مونچھیں اور بلوچ ثقافتی لباس مردانہ معاشرے کی نفسیات کے تحت مجھے بھی بھاتا تھا محترمہ کے وزیر اعظم بننے کے بعد سفارتی ملاقاتوں میں زرداری صاحب کو محترمہ کے ساتھ ثقافتی لباس میں دیکھتے تو فخر محسوس ہوتا اس کے باوجود وہ آئیڈیل یا سیاسی ہیرو نہیں لگتے تھے مزید اس کے فوراً بعد بعد زرداری صاحب پر کرپشن کے اتنے الزامات لگے ایک نو عمر سیاسی ورکر کے لیے اسکا دفاع مشکل ہو گیا بس بے نظیر بھٹو پر یقین کی وجہ سے زرداری صاحب قابل اعتماد لگتے مگر پراپگنڈہ اتنے زور کا تھا کہ دل ہی دل میں سوچتے تھے شاید محترمہ نے زرداری صاحب سے شادی کر کے بہت بڑی غلطی کر لی ہے اس وقت یہ سمجھ نہیں تھی کہ بی بی کسی سے بھی شادی کرتیں وہ ایسے ہی نشانہ بنتا ہے بہر حال زرداری صاحب کے لیے پہلی دفعہ اہمیت کا احساس اس وقت ہوا جب وہ نوے میں حکومت کے خاتمے کے بعد جیل گئے انکی یہ اہمیت انکے جیل جانے کی وجہ سے نہیں تھی پیپلز پارٹی میں جیل جانا نارمل بات تھی بلکہ اسکی وجہ وہ کہانیاں تھیں جو مخالفین بیان کر رہے تھے کہ اب زرداری بے نظیر کو طلاق دے دے گا حاکم زرداری منتیں کرتا پھرتا ہے کہ میرے بیٹے کو چھوڑ دو جو کہو وہ کرے گا یہ سن کر اپنے بچپنے کی وجہ سے دل بیٹھ جاتا دو سال کی قید اور بے پناہ پراپگنڈے کے بعد ایک دن اچانک ٹی وی پر زرداری پر کرپشن کے الزامات لگا کر قید کرنے والے غلام اسحق خان کو زرداری صاحب سے بطور نگران حکومت کے وزیر کے طور پر حلف لیتے دیکھا تو بھاری بھرکم مونچھوں تلے زیر لب زرداری کی مسکراہٹ نے بلوچ بچے کی حوصلہ مندی نے ڈھارس بندھائ
لیکن ہیرو پھر بھی نہیں لگے
یہ خیالات ایک ٹین ایجر طالب علم پارٹی ورکر کے تھے جو سیاست کی سنگینی سے ابھی واقف نہیں تھا بعد ازاں سیاسی وْاقعات سے باخبر ہوئے تو انکشاف ہوا کہ آصف زرداری تو روز اول سے ہی محترمہ کےلیے معتبر اور دشمناں بھٹو کے لیے بھاری پتھر ثابت ہو رہے ہیں اس کی ابتدا اٹھاسی کے الیکشن کے بعد ہوئ جب پیپلز پارٹی کو سادہ اکثریت ملی اور سٹیبلشمنٹ اپنی شرائط منوا کر حکومت دینا چاہتی تھی لیکن اس سے پہلے پارٹی کے لیے مسئلہ تھا کہ پارٹی کی طرف سے مذاکرات کرے گا کون براہ راست بی بی سے مذاکرات مشکل کام تھا انکے سامنے شرائط پیش کرنا ممکن نہیں تھا پیپلز پارٹی کی سیکنڈ لائن قیادت یا تو سخت گیر مؤقف رکھنے والی تھی یا بوجوہ مشکوک ایسے میں آصف زرداری کو محترمہ نے آگے بڑھایا جنہوں نے بڑی ذہانت کے ساتھ پارٹی کے بنیادی منشور پر کمپرومائز کیے بغیر سٹیبلشمنٹ سے ڈیل فائنل کی سٹیبلشمنٹ کو راستہ دے کر راستہ لیا گیا بس وہی دن تھا جب زر خرید میڈیا اور سٹیبلشمنٹ کے پروردہ سیاستدانوں نے زرداری کو ٹارگٹ کر لیا پیپلز پارٹی کی حکومت کے بننے سے دس دن پہلے ایک غیر ملکی رسالے میں زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہا گیا اور اس کے بعد چل سو چل سٹیبلشمنٹ کا یہ غصہ بے جا نہیں تھا شہید بھٹو کے بعد ضیا الحق کے گیارہ سالوں میں انہوں نے پارٹی پر اثر انداز ہونے کے لیے بہت محنت کی تھی کسی لیڈر کا کچھ پتا نہیں تھا کب دھوکہ دے جائے بعد ازاں فاروق لغاری اور معراج خالد جیسے بی بی کے ان انکلز نے ان تمام خدشات کو درست ثابت کیا ایسے میں بی بی کو ایک ایسا قابل اعتماد ساتھی میسر آجانا جو بھروسہ مند ہی نہیں ہوش مند اور معاملہ فہم بھی ہو سٹیبلشمنٹ کی تمام امیدوں پر پانی پھیر گیا زرداری صاحب کا محترمہ سے یہ رشتہ اور ہم آہنگی بقول نسرین انجم بھٹی
میری عشق دے نال اشنائ
میری ناہری نال امنگ
میری چوراں نال چترائ
میری نال قصائیاں جنگ
ترجمہ ( میرا رشتہ عشق کا ہے اور میری امنگ انقلاب ہے میں چورں کے ساتھ چالاکی کرتا ہوں اور قصائ نما دشمنوں سے جنگ کرتا ہوں
کے مصداق تھا
قارئین کو شاید اچھا نا لگے یا وہ حیران ہوں کہ یہ سب کچھ جان کر بھی میں زرداری صاحب کو ہیرو نا بنا سکا حتی کہ اس وقت بھی جب نواز شرہف کے دور میں بی بی جلا وطن ہوئیں اور زرداری صاحب جیل میں گئے پھر مشرف آگیا مگر زرداری جیل میں رہا اس وقت میں شعوری طور پر یہ جانتا تھا کہ زرداری کی اوللعزمی اور ثابت قدمی پارٹی کے لیے کتنی اہم ہے اگرچہ پیپلز پارٹی کے درجنوں راہنما اور سینکڑوں کارکن جیل کاٹ رہے تھے اور بڑی پامردی سے کاٹ رہے تھے لیکن سب جانتے تھے بی بی کوتوڑنے کے لیے سب سے بڑا ہدف آصف زرداری ہی ہیں پہلے نواز شریف نے رانا مقبول کے ذریعہ ان پر بی بی کو طلاق دلوانے کے لیے بہیمانہ تشدد کروایا پھر مشرف نے ہر طرح کا ذہنی ٹارچر دیا لیکن بلوچ سردار چٹان کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہوگیا یہ بہت بڑا اورسخت امتحان تھا پیپلز پارٹی کی سیاست کا دارومدار اس وقت صرف زرداری کی ثابت قدمی سے مشروط تھا جیلوں میں قید جیالوں حتی کے ن لیگ کے اسیروں کے لیے بھی زرداری مزاحمت کی علامت بن چکے تھے پیپلز پارٹی کا نظریاتی حریف مجید نظامی نوائے وقت والا بے ساختہ پکار اٹھا کے بے شک آصف زرداری مرد حُر ہے اس وقت زرداری کی نظریاتی کمٹمنٹ اور قوت ایمانی کا امتحان تھا جو اس کے لیے ہی نہیں اس کے ساتھیوں اور مخالفوں کے لیے بھی طاقت بن چکا تھا
میں کلی کُوک ایمان دی
میرے سجے کھبے کُوڑ
میں کنڈے دیوڑا بلدا
تاراں بیڑی دے پُور
ترجمہ ( میں ایمان کی واحد پکار ہوں اور میرے دائیں بائیں جھوٹ ہے میں دریا کے کنارے جلتا ہوا چراغ ہوں جسکی روشنی میں کشتی مسافر لا لے جا رہی ہے )
دو ہزار سات سیاست کے لحاظ سے تیز ترین سال تھا واقعات ایسے پئے درپئے رونما ہو رہے تھے کہ کہیں سانس لینے کا موقع بھی نہیں مل رہا تھا افتخار چوہدری کی برطرفی سے شروع ہونے والی تحریک کئ رخ اختیار کرتی رہی بحالی پھر برطرفی نواز شریف کی آمد اور زبردستی واپسی این آر او بی بی کی آمد کارسازسانحہ ایمرجنسی کا نفاذ ججز کی برطرفی اور آخر کار بے نظیر بھٹو کی شہادت اتنی قلابازیوں کے بعد بی بی کے قتل نے وقت روک دیا تمام امیدیں قتل ہوئیں محسوس ہونے لگیں ملک کا ہر ذی شعور شہری ملک کے مستقبل سے مایوس ہوگیا عباس اطہر مرحوم نے سرخی لگائ کہ اور زنجیر ٹوٹ گئ مبشر لقمان جو اس وقت نگران حکومت میں وزیر تھا اس کے بقول وہ تین دن سٹیبلشمنٹ سے پوچھتا رہا کہ ہم کیا کریں ادھر سے جواب ملتا رہا ہمیں خود سمجھ نہیں آرہی آپ کو کیا بتائیں بقول اسکے جب تک زرداری صاحب نے پاکستاں کھپے کا نعرہ نہیں لگایا تمام ملکی انتظامیہ مفلوج تھی زرداری صاحب اس نعرے کے بعد رکے نہیں قدم بہ قدم آگے بڑھتے رہے اپنے ایک نعرے سے ملکی سالمیت کو یقینی بنایا تو دوسری طرف پارٹی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے بی بی کی وصیت کے باوجود پارٹی کی چئیر مین شپ قبول نہیں کی اور شریک چئیر مین بننے پر اکتفا کیا وزیر اعظم بننا آسان تھا مگر نہیں بنے صدارتی ہاؤس میں بیٹھ کر جمہورہت کی نگبہانی کی صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے ، 58 ٹو بی کا خاتمہ کیا ،این ایف سی ایوارڈ، صوبائ خود مختاری کے ساتھ صوبوں کے تحفظات ختم کیے دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کی گوادر پورٹ چین کو دیکر سیپیک معاہدہ کیا ، پاک ایران گیس پائپ لائن معائدہ سے سامراج کو للکارا ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ۔ فرینڈز آف پاکستان بنائی ، جی ایس پی پلس لیا ،سرکاری کارپوریشنز میں مزدور کا بارہ فی صد شئیر رکھا حقیقت یہ ہے کہ بی بی کی شہادت کے بعد پاکستان اور پیپلز پارٹی کی نئے سرے بنیاد زرداری صاحب نے رکھی ورنہ تو ستائیس دسمبر کے بعد صرف اختتامیہ ہی تھا پیپلز پارٹی کا بھی اور پاکستان کا بھی یہ سب کچھ کرتے ہوئے جب ایک پروگرام میں کارکنوں نے جئے زرداری کا نعرہ مارا تو سختی سے مسترد کیا اور کہا نعرہ صرف بھٹو کا لگے گا میں تو ورکر ہوں اس دن مجھے پتا چلا میں زرداری کو ہیرو کیوں نہیں سمجھ سکا مجھے اب پتا چلا یہ بندہ تو خود ہی ہیرو نہیں بننا چاہتا تو کوئ اس کو کیسے ہیرو بنا سکتا ہے یہ تو بنیاد کا پتھر ہے جس کے زور پر ساری عمارت کھڑی ہوتی ہے مگر یہ پتھر کسی کو نظر نہیں آتا اور اس کے بغیر عمارت تعمیر نہیں ہوسکتی اس شخص نے تو بے نظیر بھٹو کے نام پر اپنی زندگی قربان کر دی یہ تو کسی سے صلے کا طالب ہی نہیں یہ تو بی بی کو دئیے قول سے بندھا ہوا شخص ہے
میں آپنے بول ویاہونے
میں آپ چڑھائ جنج
میں پائ موت نوں نتھنی
میں راضی کیتے رنج
ترجمہ ( میں نے اپنے قول پورے کرنے ہیں میں نے یہ بارات خود چڑھائ ہے میں نے موت کو نکیل ڈالی ہے اور دکھوں کو راضی کیا ہے)
ایسے شخص کو فرق ہی کیا پڑتا ہے کہ کوئ اسے ہیرو سمجھتا ہے یا نہیں وہ تو جس کی نظروں میں سرخرو ہونا چاہتا ہے بس اسی کی طرف دیکھتا ہے
محترمہ کی اتباع میں زرداری نے عوام سے محبت خدمت اور قربانی میں بھی انتہا کی ہے اللہ تبارک و تعالی نے دونوں میاں بیوی کو ایک ہی اولاد نرینہ سے نوازا ہے اور ہمارے معاشرے میں بیٹوں کے لیے کتنی محبت ہوتی ہے یہ ہرماں باپ اچھی طرح جانتے ہیں دوسری طرف میرے منہہ میں خاک اللہ بلاول کی عمر دراز کرےمگر پیپلز پارٹی کا ہر ورکر جانتا ہے پیپلز پارٹی کی چئیر مین شپ موت کی کرسی کا دوسرا نام ہے اس پر بیٹھتے ہی ہزاروں قاتل مکروہ عزائم لے کر چل پڑتے ہیں اپنی بیوی کو گنوانے کے بعد یہ زرداری صاحب کا ہی حوصلہ ہے اپنی اولاد کے لیے اتنے مشکل راستے کا انتخاب کیا یہ بہادری اور ظرف کا اوج کمال ہے