November 16, 2026

ایلون مسک کا صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ، سوشل میڈیا پر نئی سیاسی بحث چھڑ گئی

20250605_165002

ایلون مسک کا صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ، سوشل میڈیا پر نئی سیاسی بحث چھڑ گئی

رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں
نیویارک:
معروف امریکی صنعتکار، ٹیسلا اور ایکس (سابق ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کی حمایت کر دی ہے، جس کے بعد امریکی سیاست میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

یہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب ایک صارف نے سوشل میڈیا پر یہ تجویز دی کہ اگر ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوتے ہیں تو انہیں عہدے سے ہٹا کر نائب صدر جے ڈی وینس کو صدر بنایا جائے۔ ایلون مسک نے اس تجویز کے جواب میں صرف ایک لفظ تحریر کیا: “Exactly”، جسے مبصرین نے کھلی حمایت سے تعبیر کیا۔

یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ کی جانب سے ایک مجوزہ بجٹ بل پر بحث جاری ہے، جس پر ایلون مسک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بل کو “abomination” یعنی “قابلِ نفرت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکہ کے مالی خسارے میں تین ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہو گا، جو ملکی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

ادھر ٹرمپ کی جانب سے بھی فوری اور سخت ردعمل آیا۔ ایک سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے مسک کو “پاگل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب ان کی کسی کال کا جواب نہیں دیتے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ایلون مسک کی تیار کردہ ٹیسلا گاڑی فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

یہ کشیدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ماضی میں ایلون مسک اور ٹرمپ کے تعلقات خوشگوار سمجھے جاتے تھے۔ تاہم حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں شخصیات کے درمیان اختلافات گہرے ہو چکے ہیں۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ اور مسک کے درمیان یہ کشمکش بڑھی تو یہ نہ صرف آئندہ صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی اور معیشت کے میدان میں بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ معاملہ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے، جہاں مسک کے حامی ان کے مؤقف کی تعریف کر رہے ہیں، جبکہ ٹرمپ کے حامی اس بیان کو “غداری” قرار دے رہے ہیں۔