November 16, 2026

*جنگ ذو قار:* عربوں کی غیرت اور شجاعت کا عظیم شاہکار پس منظر: ایک عرب عورت کی عزت کا سوال

20250603_062433

*جنگ ذو قار:*

عربوں کی غیرت اور شجاعت کا عظیم شاہکار

پس منظر: ایک عرب عورت کی عزت کا سوال

ایرانی سلطنت کے عظیم بادشاہ کسریٰ پرویز کے دربار میں
ایک روز زید بن عدی، جو ایک عربی النسل درباری تھا،
نے بادشاہ کے سامنے عرب عورتوں کے حسن و جمال کی تعریف کی۔
اس کا مقصد صرف کسریٰ کو ورغلانا نہیں تھا،
بلکہ وہ اپنے باپ عدی بن زید کے قتل کا بدلہ لینا چاہتا تھا،
جسے نعمان بن منذر (حیرہ کا عرب حکمران) نے قتل کیا تھا۔

زید نے کسریٰ سے کہا:

“يَا مَلِكُ، إِنَّ النُّعْمَانَ عِنْدَهُ نِسَاءٌ لَمْ تَرَ العَيْنُ مِثْلَهُنَّ حُسْنًا،
بَنَاتُهُ وَأَخَوَاتُهُ وَبَنَاتُ عَمِّهِ، وَكُلُّهُنَّ كَالْحُورِ العِينِ!”
اے بادشاہ! نعمان کے پاس ایسی عورتیں ہیں جن جیسی حسن والی کسی نے نہیں دیکھیں،
اس کی بیٹیاں، بہنیں اور چچا زاد، ماموں زاد، جو گویا حورِجنت ہیں!

یہ سن کر کسریٰ کا دل لالچ سے بھر گیا۔
اس نے نعمان کے پاس پیغام بھیجا
کہ وہ اپنی بیٹیوں میں سے ایک کو اس کے حرم میں بھیج دے۔

مگر نعمان نے فوراً انکار کر دیا اور کہا:

“لَئِنْ قَتَلْتَنِي أَحَبُّ إِلَيَّ مِنْ أَنْ أُسَلِّمَ حُرَّةً عَرَبِيَّةً لِعَجَمِيٍّ!”
اگر تم مجھے قتل کر دو گے تو یہ میرے لیے اس سے بہتر ہے
کہ میں کسی آزاد عرب عورت کو عجمیوں کے حوالے کر دوں!

نعمان کی موت اور ہانی بن مسعود کا تاریخی موقف

یہ سن کر کسریٰ غضب ناک ہو گیا
کسریٰ نے نعمان کو دربار میں بلایا،
جہاں اسے قید کر کے پھانسی دے دی گئی۔
مگر نعمان نے اپنی موت سے پہلے اپنی بیٹی کو
ہانی بن مسعود الشیبانی (بنو شیبان کے سردار) کے پاس پناہ کے لیے بھیج دیا۔
جب کسریٰ نے ہانی سے لڑکی کا مطالبہ کیا
تو اس نے دو ٹوک جواب دیا:

“وَاللَّهِ لَا نُسَلِّمُهَا! إِنَّ العَرَبَ لَا تَخُونُ ذِمَامَهَا، وَلَا تُسَلِّمُ ضَيْفَهَا!”
خدا کی قسم! ہم اسے حوالے نہیں کریں گے!
عرب کبھی امانت میں خیانت نہیں کرتے
اور نہ ہی اپنے مہمان کو دشمن کے حوالے کرتے ہیں!

جنگ ذو قار: عربوں کا تاریخی اتحاد

کسریٰ نے ہامرز التستري ، مرزبان اعظم کی قیادت میں
ایک بہت بڑا لشکر عربوں کے خلاف بھیجا۔
تمام عرب قبائل، جو آپس میں دشمن تھے، ایک ہو گئے۔
بکر، ربیعہ، تمیم، عبس، ذبیان ، غطفان، ، ہوازن —
سب نے اپنی پرانی دشمنیاں بھلا دیں
اور ایک ہی نعرے کے تحت جمع ہوئے:

“اليَوْمَ يَوْمُ العِزِّ وَالكَرَامَةِ! اليَوْمَ نَذُودُ عَنْ حُرُمَاتِنَا!”
آج عزت اور وقار کا دن ہے!
آج ہم اپنی عورتوں کی حرمت کا دفاع کریں گے!

جنگ کا منظر: عربوں کی لازوال شجاعت

عظیم عرب بہادر، جیسے عروہ بن الورد، صخر بن عمرو،
درید بن الصمہ، عمرو بن ود اور دیگر نامی گرامی سورما،
ذو قار کے میدان میں اپنی غیرت کے پرچم تلے اترے۔

معرکہ ذو قار میں ایک ایسی خونریز جنگ لڑی گئی
جو دورِ جاہلیت کی خوفناک لڑائیوں میں سرفہرست ہے۔
ایرانی فوج تعداد اور اسلحے میں غالب تھی،
مگر عربوں نے اپنی عزت اور قومی غیرت کے دفاع میں ایسی بے مثال دلیری دکھائی
کہ دشمن کی صفوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔
ان کی تلواروں نے میدان کو خون سے رنگ دیا،
اور بالآخر انہوں نے فیصلہ کن فتح حاصل کی ۔
فارسی سپہ سالار ہامرز التستری اس جنگ میں مارا گیا،
اور عربوں کی غیرت نے تاریخ کے اوراق پر ایک ناقابلِ فراموش داستان رقم کی۔

ابن الاثیر لکھتے ہیں:

“فَكَانَتْ هَذِهِ أَوَّلَ مَعْرَكَةٍ يَنْتَصِرُ فِيهَا العَرَبُ عَلَى الفُرْسِ،
یہ پہلی جنگ تھی جس میں عربوں نے فارس پر فتح حاصل کی،

یہ عربوں کی تاریخ کا وہ زریں باب ہے
جب انہوں نے پہلی بار ایرانی طاقت کو عظیم شکست سے دوچار کیا—
نہ تو زمین کی خواہش تھی، نہ دولت کا لالچ،
بلکہ ایک عرب عورت کے وقار کی حفاظت کا عظیم مقصد۔
ذو قار کے میدان میں اس روز غیرت کے جھنڈے لہرائے،
خون کی لکیر نے عزت کی داستان رقم کی،
اور تلواروں کی جھنکار نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا۔

فتح کے بعد: تاریخ کا سبق

جنگِ ذو قار نہ صرف عربوں کی پہلی فیصلہ کن فتح تھی،
بلکہ اس نے یہ سبق دیا کہ جب قومی غیرت اور اتحاد ہو تو
چھوٹی قومیں بھی عظیم طاقتوں کو شکست دے سکتی ہیں ۔

آج کا المیہ: کہاں گئی وہ غیرت؟

آج عرب دنیا انتشار کا شکار ہے۔
وہ غیرت، جو ذو قار کے میدان میں نظر آئی تھی،
کہیں گم ہو چکی ہے۔
الطبری کا قول یاد رکھیں:

“إِذَا ضَاعَتِ الحَمِيَّةُ،
ضَاعَتِ الأُمَّةُ!”
جب غیرت ختم ہو جاتی ہے،
تو قوم بھی ختم ہو جاتی ہے!

📚 ماخذ:
تاریخ الطبری (ج 2، ص 204)
الکامل فی التاریخ (ابن الاثیر، ج 1، ص 532)
أيام العرب في الجاهلية (واقدی)