عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی ہدایت پر مصروف بازاروں میں پولیس ٹیموں کا گشت
عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی ہدایت پر مصروف بازاروں میں پولیس ٹیموں کا گشت
سکھر(بیورورپورٹ۔۔۔سید نصیر حسین شیدی)عیدالاضحیٰ 2025 کے پیش نظر سکھر پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کی خصوصی ہدایت پر بی سیکشن تھانے کے ایس ایچ او بی بی حلیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سکھر کے مصروف ترین بازاروں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔پولیس ٹیموں نے مشن روڈ، صرافہ بازار، کپڑا مارکیٹ اور دعا چوک سمیت دیگر اہم تجارتی مراکز میں اسنیپ چیکنگ کا جامع عمل مکمل کیا، جہاں مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی لی گئی اور سیکیورٹی پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ عوام بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں اور تجارتی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے اس موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ “شہریوں کی جان، مال، آزادی اور پرامن ماحول کا ہر ممکن تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ پولیس ہر وقت، دن ہو یا رات، عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور سکھر کے تمام تھانوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ عید کے دوران سیکیورٹی کے معاملات میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں خریداری کے دوران چوکنا رہیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی یا واقعے کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے، موجود پولیس اہلکار یا 15 مددگار پر دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو درست طریقے سے لاک کریں اور صرف مخصوص پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی چوری یا نقصان سے بچا جا سکے۔سکھر پولیس کی جانب سے عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ پرامن ماحول میں عیدالاضحیٰ کی خریداری اور تقریبات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔