November 16, 2026

فریضۂ حج کی فضلیت و اہمیت احادیث کی روشنی میں تحریر: اسماء نورین(ایم فل سکالر)

IMG-20250601-WA0061

فریضۂ حج کی فضلیت و اہمیت احادیث کی روشنی میں
تحریر: اسماء نورین(ایم فل سکالر)
دینِ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جس کے پانچ بنیادی ارکان ہیں۔ ان تمام میں سب سے عظیم الشان عبادت حج ہے جو ہر صاحبِ استطاعت مسلمان مرد و عورت پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ فریضۂ حج کی اہمیت و فضیلت کے بارے میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں متعدد مقامات پر ذکر ملتا ہے۔ حج محض ایک سفر نہیں بلکہ روحانیت، بندگی، قربانی، صبر اور اتحادِ امت کا ایک عالمی مظہر ہے۔ قرآن مجید سورة آل عمران میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :ترجمہ: ”اور اللہ کے لیے لوگوں پر اس گھر کا حج فرض ہے جو اس تک پہنچنے کی استطاعت رکھتے ہوں۔”
مسلمان ہر سال اسلامی مہینے ذوالحجہ کی 8 سے 12 تاریخ کو سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کی زیارت کے لیے حاضر ہو کر وہاں جو مخصوص عبادت انجام دیتے ہیں، اس مجموعہ عبادات کو اسلامی اصطلاح میں حج کہتے ہیں۔حدیث مبارکہ میں ہے کہ ”اسلام کی بنیاد پانچ ستونوں پر ہے، لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی گواہی دینا، نماز قائم کرنا، زکوٰة دینا، رمضان کے روزے رکھنا اور حج کرنا'(صحیح بخاری)
فریضۂ حج کی ادائیگی میں میں بے شمار روحانی فوائد اور برکتیں رکھی گئی ہیں۔جن سے فیض یاب ہو کر ہرسال لاکھوں مسلمان خانہ کعبہ کے طوائف و زیارت کے بعد اپنی زندگیوں میں بے شمار تبدیلیاں محسوس کرتے ہیں اور نیکی کے راستے پر گامزن ہوتے ہیں۔
حضرت ابو ہریرہ رضی ؓ سے روایت ہے کہ ایک دن رسول اللہ ﷺنے ہمیں خطبہ دیا اور ارشاد فرمایا کہ: ”اے لوگو! تم پر اللہ تعالیٰ نے حج فرض کیا ہے، لہٰذا حج ادا کرو!۔“ (صحیح مسلم:1337)
اسی طرح حضرت ابو ہریرہ ؓسے روایت ہے کہ ”رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا کون سا عمل سب سے افضل ہے؟ تو کہا: اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا، پھر دریافت کیا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل افضل ہے؟ تو کہا: اللہ کی راہ میں جہاد کرنا، پھر دریافت کیا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل افضل ہے؟ تو کہا: مقبول حج۔”
حج زندگی میں ایک بار صاحب استطاعت پر فرض ہے اور اس کے بعد جتنے بھی حج کیے جائیں گے ان کا شمار نفل حج میں ہوگا۔ خلوصِ نیت اور خدا تعالیٰ کی رضا و رغبت کے لیے کیا گیا حج یقینا ًاللہ کے ہاں قبولیت کا درجہ پاتا ہے۔حدیث مبارکہ کے مطابق:”ایک حج مبرور(یعنی قبول شدہ حج) کا بدلہ صرف جنت ہے۔”
اس حدیث مبارکہ سے فریضۂ حج کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے کہ اگر انسان خالص نیت اور سنت کے مطابق حج کی ادائیگی عمل میں لاتا ہے تو یہ عمل انسان کو جنت کامستحق بنادیتا ہے ا ور گناہوں سے خلاصی کا ذریعہ بنتا ہے۔حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ میں نے آنحضرت ﷺسے سنا، آپ نے فرمایا : “جو کوئی اللہ کے لئے حج کرے اور شہوت اور گناہ کی باتیں نہ کرے۔ تو ایسا پاک ہو کر لوٹے گا جیسے اس دن پاک تھا جس دن اس کی ماں نے اس کو جَنا تھا “(بخاری، کتاب المناسک،حدیث 1431)
اسی مناسبت سے ایک اور حدیث شریف میں ہے کہ: ”حج کرنے والے اور عمرہ کرنے والے اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں۔ اگر وہ دُعا مانگیں تو اللہ تعالیٰ قبول فرمائیں۔ اگر وہ استغفار کریں تو اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت کردے اور اُن کو بخش دے۔“ (سنن ابن ماجہ:2892)
مناسک حج کی ابتدا ہر سال 8 ذوالحجہ سے ہوتی ہے، حاجی متعین میقات حج سے احرام باندھ کر کعبہ کی زیارت کے لیے روانہ ہوتے ہیں۔ وہاں پہنچ کر طواف کرتے ہیں، پھر منیٰ روانہ ہوتے ہیں، وہاں یوم الترویہ گزار کر عرفات آتے ہیں، یہاں ایک دن کا وقوف ہوتا ہے، اس دن کو یوم عرفہ، یوم سعی، عید قربانی، یوم حلق و قصر وغیرہ کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد حجاج رمی جمار(کنکریاں پھینکنے) کے لیے جمرہ عقبہ جاتے ہیں، بعد ازاں مکہ واپس آکر طواف کرتے ہیں اور پھر واپس منیٰ جاکر ایام تشریق گذارتے ہیں۔ اس کے بعد حجاج دوبارہ مکہ واپس آکر طواف وداع کرتے ہیں اور یوں حج کے جملہ مناسک مکمل ہوتے ہیں۔
حج کے موقع پر مسلمانِ عالم تمام تر تفرقہ و تضادات سے بالا تر ہو کراتحاد، مساوات اور برابری کا منظرپیش کرتے ہیں جو فریضۂ حج کو نہ صرف روحانی بلکہ سماجی لحاظ سے بھی عظیم بناتا ہے۔احادیثِ نبویہ ﷺ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حج نہ صرف فرض عبادت ہے بلکہ مغفرت، جنت، اتحاد، صبر، بندگی، اور قربانی کا مکمل عملی درس دیتاہے۔
سنن نسائی میں حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا:”بوڑھوں، کمزوروں اور عوتوں کا جہاد حج اور عمرہ ہے۔”
اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ سے روایت ہے کہ انھوں نے عرض کیا:”یا رسول اللہ! کیا عورتوں پر جہاد ہے؟”آپ ﷺ نے فرمایا:”ہاں، ان پر ایسا جہاد ہے جس میں قتال نہیں، یعنی حج اور عمرہ۔”(صحیح بخاری1861)
یہ حدیث عورتوں کے لیے حج کی عظمت کو نمایاں کرتی ہے، کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے حج کو جہاد کے برابر قرار دیا ہے۔حج کا ایک نمایاں پہلو عالمی وحدت اور اخوتِ اسلامی کا عملی مظاہرہ ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان ایک ہی لباس (احرام) میں، ایک ہی جگہ، ایک ہی طریقے سے اللہ کے حضور جھک کر یہ اعلان کرتے ہیں:”لبیک اللہم لبیک، لبیک لا شریک لک لبیک”
ہر صاحبِ استطاعت مسلمان کو اس فریضہ کی بجا آوری میں پیش پیش رہنا چاہیے اور حصولِ قربِ الٰہی کا یہ موقع غنیمت جانتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی کرنی چاہیے۔امام احمد بن حنبل اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔
”حضرت (عبد اللہ) بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: فریضۂ حج کی ادائیگی میں جلدی کیا کرو کیونکہ تم میں سے کوئی شخص نہیں جانتا کہ اسے کیا رکاوٹ پیش آنے والی ہے۔“( احمد بن حنبل فی المسند، 1 / 313، الرقم: 2869)
لہٰذا فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ہر مسلمان بالخصوص صاحبِ استطاعت کو دِ ل و جان سے تیار رہتے ہوئے خدا تعالیٰ کے حضور پیش ہونے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔حدیث شریف میں فریضۂ حج کی اہمیت کو بیان کرنے کے لیے نہات مختصر انداز میں وضاحت میں فرمائی گئی ہے۔ جیسا کہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ فرماتے ہیں :”ایک شخص نے بارگاہ نبوی میں حاضر ہو کر عرض کیا: یا رسول اللہ! کون سی چیز حج کو فرض کرتی ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: سامانِ سفر اور سواری۔”(والدارقطنی فی السنن، کتاب الحج، 2 / 215، الرقم: 3)
یعنی فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے خطیر رقم اور بے تحاشا سامانِ آسائش کی قطعاً ضرورت نہیں صرف پختہ ادارہ اور خلوص ِنیت کے ساتھ ساتھ سامانِ سفر اور سواری میسر ہو تو خدا تعالیٰ اپنے بندے کی اُمیداور تمنا کو ضرور عملی جامہ پہنے میں آسانیاں پیدا فرماتا ہے۔مسلمان پر خدا تعالیٰ کی خاص کرم نوازی ہے کہ اُس ذاتِ بابرکت نے مسلمانوں کے لیے نیکیاں کمانے کے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں۔ جس سے نہ صرف انسان اپنے لیے بلکہ اپنے آباءاجداد کے لیے بھی نیکی کے حصول کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ جیسا کہ امام نسائی نے روایت کیا ہے۔
حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ:” حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ایک شخص حاضر ہوا، وہ عرض گذار ہوا: میرے والد محترم وفات پا گئے ہیں اور ان کے ذمہ حج فرض تھا؟ کیا میں ان کی طرف سے حج ادا کر سکتا ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تیرا کیا خیال ہے اگر تیرے باپ پر قرض ہوتا تو کیا تو ادا کرتا؟ اس نے کہا: جی ہاں۔آپﷺنے فرمایا: تو اپنے والد کی طرف سے حج بھی ادا کر ” ( کتاب الحج، باب المواقیت، 2 / 260، الرقم: 111)
مختصر یہ کہ فریضۂ حج نہ صرف ایک عبادت ہے بلکہ روحانی طہارت، بندگی، اور قربِ الٰہی کا عظیم ذریعہ ہے۔ احادیث مبارکہ سے ثابت ہوتا ہے کہ جو شخص اخلاص، نیتِ صحیح، اور سنت کے مطابق حج کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے گناہوں سے پاک کر کے جنت کا مستحق بنا دیتا ہے۔فریضۂ حج، اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے، اور اس کی اہمیت قرآن و سنت میں واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔ احادیث نبویہ ﷺ میں حج کی فضیلت اور اہمیت کو بڑی وضاحت سے بیان کیا گیا ہے۔ خدا تعالیٰ ہر مسلمان کو اپنے گھر کا طواف اور حاضری نصیب فرمائے اور مسلمانانِ عالم کی خیرفر مائے(آمین)