سکھر ( بیورو چیف دعاآن لائن نیوز سید ضیاءالرحمٰن ) چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کی زیر صدارت بجٹ برائے سال 25-2024 کا آٹھواں اجلاس ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایوان کے ارکان نے متعدد تجاویز پیش کیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں سکھر بلڈ بینک اسپتال میں نادار مریضوں کے مفت علاج کے لیے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری، کے علاوہ سول اسپتال سکھر میں ایک اور ایمرجنسی وارڈ کی تعمیر کے لیے 50 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سکھر میں قائم فیکٹریوں، کولڈ سٹوریجز، پٹرول پمپس، ایل پی جی سٹیشن شاپس (رجسٹرڈ) پولٹری فارمز اور دیگر تجارتی مراکز پر نئے ٹیکس لگانے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ پرانے ٹیکس اور ضلع کونسل کی دکانوں کے کرایوں کو ریوائیز کرنے کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں کچے کے علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کے لیے مڈ چوکیوں (پکی چوکیوں) کے قیام کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ ایوان میں اروڑ یونیورسٹی آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹیشن کی تجویز پیش کی گئی، جس پر ایک بس کی منظوری بھی کثرت رائے سے دی گئی، جبکہ اجلاس کے آغاز سے قبل ضلع کونسل کے گریڈ ایک سے گیارہ تک کے ملازمین کے لیے عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی میں دو خوش نصیب ملازمین اللہ بخش کٹپر اور کاظم سروہی کے نام نکلے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ کچھ ایسی مفید تجاویز بھی زیر غور ہیں، جن پر فریقین سے بات چیت جاری ہے۔ جس میں سکھر تا کراچی ایئر ایمبولینس سروس بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کے دستیاب وسائل سے سکھر کی تمام یونین کونسلوں کے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ہر گھر کو سولر پلیٹ کے ساتھ ، بیٹری، پنکھوں، سلائی مشین، اور پانی کے پمپ بھی فراہم کیے جائیں گے، جبکہ یونین کونسلز کے اسکولوں اور اسپتالوں میں سولر سسٹم لگانے کے لئے ضلع کونسل سکھر اور ترکیہ کی غیر سرکاری تنظیم تکا میں معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ضلع کونسل کے لیے 60 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری کروائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل سکھر کے تعاون سے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس سکھر کی تعمیر، وہاں داخلہ پروگرام کا آغاز اور طلباء کے لیے وظائف کی منظوری کے علاوہ اروڑ یونیورسٹی آرٹس اینڈ آرکیٹیکچر ی میں 50 لاکھ کی لاگت سے آر او پلانٹ کی تنصیب اور سکھر آئی بی یونیورسٹی میں سی ایس ایس کی کلاسز کے انعقاد کے منصوبوں کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔
***