November 16, 2026

24 مئی 1998ء: جب پی آئی آے کے مسافر طیارے کو بھارت لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

IMG-20250528-WA0272

24 مئی 1998ء: جب پی آئی آے کے مسافر طیارے کو بھارت لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

+اوچ شریف (جناح لائبریری رپورٹ/24 مئی 2025ء) مؤرخہ 24 مئی 1998ء کو گوادر ایئر پورٹ سے پی آئی اے کا ایک فوکر جہاز کراچی کے لیے روانہ ہوا۔ جہاز کے فضاء میں بلند ہونے کے تھوڑی دیر بعد تین مسافروں نے اسلحہ نکال کر جہاز کا رخ نئی دہلی کی طرف موڑنے کا حکم دے دیا۔ جہاز کے کپتان عذیر خان نے ہائی جیکروں کو بتایا کہ اس کے پاس ایندھن بہت کم ہے وہ نئی دہلی تک نہیں جا سکتا۔ ہائی جیکروں کے پاس ایک نقشہ تھا اور وہ نقشے کی مدد سے کوئی ایسا بھارتی ایئر پورٹ تلاش کر رہے تھے جہاں یہ فوکر جہاز لینڈ کر سکتا تھا۔ جہاز میں 33 مسافر اور عملے کے پانچ افراد موجود تھے۔ عذیر خان نے ہائی جیکروں کو بتایا کہ وہ جہاز کو بھارتی گجرات کے بھوج ایئرپورٹ پر اتار سکتا ہے۔ ہائی جیکروں نے صلاح مشورے کے بعد اسے بھوج کی طرف جانے کی اجازت دے دی۔ ایک ہائی جیکر کاک پٹ میں کپتان کےساتھ موجود تھا اور دو ہائی جیکروں نے مسافروں پر اسلحہ تان رکھا تھا۔ کپتان نے کچھ دیر کے لیے جہاز کو فضاء میں گھمایا اور وہ شام کے سائے گہرے ہونے کا انتظار کرتا رہا۔ پھر اس نے ہائی جیکروں کو نقشے کی مدد سے بتایا کہ وہ پاکستان کی حدود سے نکل کر بھارت میں داخل ہو گیا ہے پھر کپتان نے انگریزی میں بھوج ایئر پورٹ کا نام لے کر بتایا کہ اس کا جہاز اغوا ہو چکا ہے اس لیے وہ بھوج میں لینڈ کرنا چاہتا ہے۔ کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر کپتان کو کوئی جواب نہیں دیا کیونکہ کپتان نے یہ پیغام بھوج ایئر پورٹ کو نہیں بلکہ پاکستان کے شہر حیدر آباد کے ایئر پورٹ کو دیا تھا۔

حیدر آباد ایئر پورٹ کے عملے نے عقل مندی کا مظاہرہ کیا اور کپتان کو لینڈ کرنے کی اجازت دیے دی۔ کپتان نے حیدرآباد ایئر پورٹ کے رن وے پر لینڈ کیا اور جہاز کو عمارت کے قریب لے جانے کی بجائے کافی فاصلے پر کھڑا کر دیا تاکہ پتہ نہ چلے کہ جہاز کون سے ایئر پورٹ پر آیا ہے۔ رات ہو چکی تھی اور ایئر پورٹ کے عملے نے مرکزی عمارت کی روشنیاں بجھا دیں تاکہ ایئر پورٹ پر کوئی تحریر پڑھ کر ہائی جیکر اندازہ نہ لگا سکیں کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ ایئر پورٹ کے عملے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایس پی حیدر آباد اختر گورچانی اور ایک نوجوان اے ایس پی ڈاکٹر عثمان انور ایئرپورٹ پر پہنچ گئے۔ ان دونوں نے فوری طور پر حیدر آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر کی مساجد سے لاؤڈ سپیکر پر کوئی اذان نہ دی جائے۔ کچھ دیر کے بعد ہائی جیکروں نے جہاز کے انجینئر کے ذریعے پیغام بھیجا کہ وہ بابا جان کے آدمی ہیں اور انڈیا کے زی ٹی وی کو انٹرویو دینے کے لیے تیار ہیں۔ اختر گورچانی اور ڈاکٹر عثمان انور نے فیصلہ کیا کہ کراچی سے کمانڈوز کے آنے کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ خود ہی کوئی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ چنانچہ اختر گورچانی نے سویلین ڈریس پہن لیا اور وہ بھوج ایئر پورٹ کے مینجر منوج کمار جب کہ ڈاکٹر عثمان انور اسسٹنٹ مینجر رام چندر بن گئے۔

گرمی بہت زیادہ تھی ہائی جیکروں نے پانی مانگا تو یہ دونوں پولیس افسر پانی کی بوتلیں لے کر خود جہاز کے پاس چلے گئے۔ ہائی جیکروں نے پانی لے لیا اور زی ٹی وی کے متعلق پوچھنے لگے۔ اختر گورچانی اور ڈاکٹر عثمان انور کو سمجھ آ چکی تھی کہ تینوں ہائی جیکر بلوچ علیحدگی پسند ہیں اور انہوں نے بھارتی خفیہ ادارے ‘را’ کی ملی بھگت سے جہاز اغوا کیا ہے۔ دراصل اس واقعہ سے چند دن قبل بھارت نے پوکھران میں ایٹمی دھماکہ کیا تھا اور اب پاکستان بھی جوابی ایٹمی دھماکے کرنے کی تیاری میں مصروف تھا۔ بھارت نے پاکستان کو بلیک میل کرنے کے لیے تین بلوچ نوجوانوں کو استعمال کیا اور پی آئی اے کا ہوائی جہاز اغواء کرا دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہائی جیکروں کو رام چندر بن کر بتایا کہ زی ٹی وی کے پاس بھوج میں کوئی کیمرہ مین نہیں ہے اس لیے زی ٹی وی کی ٹیم نئی دہلی سے آ رہی ہے۔ اس دوران ڈاکٹر عثمان انور کو پتہ چل گیا کہ ہائی جیکروں کے پاس کوئی ہینڈ گرنیڈ نہیں ہے صرف دو پسٹل ہیں۔ پھر رینجرز کا ایک میجر عامر ہاشمی کھانا لے کر جہاز کے پاس آ گیا اور کچھ دیر کے بعد منوج کمار، رام چندر اور عامر ہاشمی نے تینوں ہائی جیکروں پر حملہ کر کے انہیں دبوچ لیا۔ اس دھینگا مشتی میں ہائی جیکروں نے ایک فائر کیا جو ان کے اپنے ساتھی کو لگ گیا۔ ڈاکٹر عثمان انور زخمی ہو گئے لیکن اس دوران مزید کمک آ گئی اور تینوں ہائی جیکر گرفتار ہو گئے۔

یہ آپریشن مکمل ہوا تو ایک ایئر ہوسٹس نے شور مچا دیا کہ اسے پاکستان واپس بھیجا جائے جب اسے بتایا گیا کہ گھبراؤ نہیں تم پاکستان میں ہی ہو تو وہ خوشی سے رونے لگی۔ ان ہائی جیکروں کا سرغنہ شہسوار بلوچ تھا۔ اس کے دو ساتھی صابر بلوچ اور شبیر رند بی ایس او سے تعلق رکھتے تھے۔ ان تینوں نے گوادر ایئر پورٹ پر اے ایس ایف کے ایک اہل کار کی ملی بھگت سے اسلحہ جہاز میں سمگل کیا اورتینوں جعلی ناموں سے جہاز میں سفر کر رہے تھے۔ 28مئی 1998ء کو پاکستان ایٹمی طاقت بن گیا جب کہ ان تینوں کو 28 مئی 2015ء کو پھانسی دے دی گئی۔ اختر گورچانی بعد میں انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ بنے اور ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں آ گئے۔ ڈاکٹر عثمان انور آج کل آئی جی پنجاب ہیں۔