میانوالی(اللہ نوازخان) میانوالی میں 27 مئی کےدن ہونے والی تیز بارش اور طوفان کے درمیان آسمانی بجلی گرنے سےایک نوجوان جان بحق ہو گیا
میانوالی(اللہ نوازخان) میانوالی میں 27 مئی کےدن ہونے والی تیز بارش اور طوفان کے درمیان آسمانی بجلی گرنے سےایک نوجوان جان بحق ہو گیا اور ایک لڑکی زخمی نیزبجلی کا میٹر بھی جل گیا۔تیزآندھی کی وجہ سےکئی شہریوں کی سولر پلیٹیں اڑ کر تباہ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق میاں والی میں 27 مئی کے دن ہونے والی بارش اور تیز طوفان کے دوران دو جگہوں پرآسمانی بجلی گری۔ایک واقعہ کالاباغ کے نواحی علاقے کچھ تندرخیل میں پیش آیا۔اطلاعات کے مطابق عبید خان ولد قیوم خان مویشی چرا رہا تھا کہ بارش شروع ہو گئی۔بارش سے بچنے کے لیے وہ ایک درخت کی نیچےپناہ لینے پر مجبور ہوا تو اچانک آسمانی بجلی اس درخت پرگر گئی جس کی وجہ سےعبید خان جان بحق ہو گیا۔دوسرا واقعہ کوٹ چاندنہ میں پیش آیا۔ذرائع کے مطابق شوکت کے گھر میں موجود درخت پرآسمانی بجلی گری اوراس کی 14 سالہ بیٹی نیچے موجود ہونے کی وجہ سےمتاثر ہوئی۔اس بچی کا بازو تھوڑا متاثر ہوا لیکن فضل خدا اب وہ خیریت سے ہے۔تیزآندھی اور طوفان کی وجہ سے کئی شہریوں کی قیمتی سولر پلیٹیں بھی اڑیں اور کئی پلیٹیں تو مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جس کی وجہ سےشہریوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ایک جگہ پر دیوار کے گرنے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے لیکن جانی نقصان سےاہل خانہ بچ گئے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارشیں آنے کا امکان ہے۔بہتر یہی ہے کہ بارشوں کے نقصان سےبچنے کے لیے کچھ نہ کچھ بندوبست کر لیا جائے تاکہ جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔