سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)ضلع سکھر کے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے سکھر
سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)ضلع سکھر کے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے سکھر پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ ایپکا سکھر کے صدر محمد پناہ مہر کی قیادت میں کیا گیا، جس میں محبوب علی کھوکھر، محمد الیاس میمن، سید ریاض حسین شاہ، نثار میمن، کریم داد سمیت متعدد ملازمین نے شرکت کی۔مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کی اور بینرز و پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت پاکستان اور حکومت سندھ سے مطالبات کی منظوری کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ملازمین رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں تنخواہیں نہایت قلیل ہو چکی ہیں، اس لیے فوری طور پر تنخواہوں میں معقول اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے اسکیلز کو اپ گریڈ کیا جائے اور ٹائم اسکیل کی سہولت دی جائے تاکہ وہ بھی دیگر محکموں کے برابر ترقی حاصل کر سکیں۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ تمام کنٹریکٹ (کچے) ملازمین کو فوری طور پر مستقل (ریگولر) کیا جائے، تاکہ ان کا روزگار محفوظ ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی اولاد کے لیے سن کوٹہ اور فوتی کوٹہ کو فوری طور پر بحال کیا جائے، تاکہ ملازمین کے خاندانوں کو سہارا مل سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کنوینس الاؤنس، ہاؤس رینٹ الاؤنس اور میڈیکل الاؤنس میں بھی مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔رہنماؤں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کے مسائل حل نہیں ہوتے۔