*جامعہ کراچی کے سابق استاد اور لیاری یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ انتقال کرگئے*
*جامعہ کراچی کے سابق استاد اور لیاری یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ انتقال کرگئے*
*جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا اظہار تعزیت*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات کے سابق استاد، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی کے سابق چیئر مین اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ طویل علالت کے بعد جمعہ کے روز آغاخان اسپتال میں انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر اختر بلوچ 08 اگست سنہ 1960 ء کو لیاری کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 09 جنوری سنہ 1988 ء کو جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات سے بحیثیت لیکچرر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ 05 مئی سنہ 1997 ء کو شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز جبکہ 11 نومبر سنہ 2005 ء کو پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ ڈاکٹر اختر بلوچ 18 جنوری سنہ 2015 ء کو بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس تعینات ہوئے اور جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن سے 06 اگست سنہ 2019 ء کو ریٹائر ہوئے۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا۔ دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اختر بلوچ ایک ملنسار، شفیق استاد، انسانیت سے پیارکرنے والے اور شریف النفس انسان تھے۔ ڈاکٹر اختر بلوچ نے اپنے خاندان کے علاوہ ہزاروں شاگردوں کو سوگوارچھوڑا۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین