ظلم کا اندھا کھیل اور آنکھوں کا خراج تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
ظلم کا اندھا کھیل اور آنکھوں کا خراج
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
اوکاڑہ کے ایک چک میں پیش آنے والا لرزہ خیز واقعہ دل کو دہلا دینے والا ہے۔ تین نوجوان مرغے کی لڑائی کے لیے ایک دیہاتی مقابلے میں شریک ہوئے۔ کسی کو کیا خبر تھی کہ یہ تفریحی سمجھا جانے والا کھیل ایک ایسا المناک انجام لے گا جو رہتی دنیا تک عبرت کی علامت بن جائے گا۔
ان کے مرغے نے لڑائی میں دوسرے مرغے کی آنکھ زخمی کر دی۔ اس کے بدلے میں، دوسرے فریق نے ظلم کی وہ حد عبور کی کہ انسانیت شرما گئی — تینوں نوجوانوں کی آنکھیں نکال دی گئیں۔ جی ہاں! بے رحمی کی انتہا کر دی گئی، نہ کسی نے انسانیت کا پاس رکھا، نہ قانون کا، نہ اسلام کا۔
انّا للہ و انّا الیہ راجعون
قرآن کہتا ہے:
“وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَىٰ”
“کوئی جان کسی دوسری جان کا بوجھ نہیں اٹھاتی۔” (الأنعام: 164)
تو کیا ان نوجوانوں کا قصور صرف اتنا تھا کہ وہ ایک مرغے کے مالک تھے؟ کیا اس کا حل یہ تھا کہ ان کی بینائی چھین لی جائے؟ کیا ہم پتھر کے زمانے میں واپس لوٹ چکے ہیں؟ کیا جنگل کا قانون نافذ ہو چکا ہے؟
میں چیف آف آرمی اسٹاف سے دست بستہ اپیل کرتا ہوں کہ ان ظالم درندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ قانونِ الٰہی اور آئینِ پاکستان دونوں اس قسم کے وحشی ظلم کو برداشت کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
یاد رکھیے!
جب قانون سوتا ہے تو ظلم جاگ اٹھتا ہے
اور جب ظلم جاگتا ہے تو انسانیت کی آنکھیں بند ہو جاتی ہیں۔
اللہ ان مظلوم نوجوانوں کو صبر دے، اور ہمیں یہ توفیق دے کہ ہم ہر ظلم کے خلاف ایک آواز بن سکیں۔ آمین۔
محمد حنیف شاہد ارائیں