November 16, 2026

آئینہ وقت (دعا آن لائن کے لیے خصوصی کالم) عنوان: “فائبر وال کے قیدی – ڈیجیٹل پاکستان یا ڈیجیٹل پردہ؟” تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250521_113122

آئینہ وقت

(دعا آن لائن کے لیے خصوصی کالم)
عنوان: “فائبر وال کے قیدی – ڈیجیٹل پاکستان یا ڈیجیٹل پردہ؟”
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

کیا یہ وہی پاکستان ہے جس کے خواب میں ڈیجیٹل انقلاب، آن لائن تعلیم، ای-گورننس اور فائیو جی کی گونج تھی؟
نہیں صاحب! یہاں تو ہم اس “ڈیجیٹل پاکستان” میں قید ہو چکے ہیں، جہاں فائبر وال لگا کر عوام کو خاموش کر دیا گیا ہے، اور نیٹ کا بٹن کسی خفیہ کمرے میں بیٹھا کوئی نامعلوم ہاتھ دبا دیتا ہے۔

میری رہائش ایسی سرزمین پر ہے جہاں کوئی نیٹ ورک نہیں چلتا — نہ Ufone، نہ Jazz، نہ Telenor، نہ Zong۔
کبھی WiFi ڈیوائس کو بانس پر باندھ کر آسمان سے رحمت مانگتے ہیں، تو کبھی سنگل بوسٹر لگا کر نیٹ کے سگنل کی پرچھائیاں تلاش کرتے ہیں۔ مگر جب سے حکومت نے فائبر وال لگائی ہے، تب سے ہم ڈیجیٹل سناٹے کے باسی بن چکے ہیں۔

یہ کیسی سیکیورٹی ہے، جو عوامی رابطوں کو دشمن سمجھنے لگی ہے؟
یہ کیسا نظام ہے، جو بچے کی آن لائن کلاس کو خطرہ، اور بزرگ کی ویڈیو کال کو مشکوک سمجھنے لگا ہے؟
یہ کیسا سسٹم ہے، جو شہری کو شکایت کرنے کا حق بھی نہیں دیتا کیونکہ “انٹرنیٹ موجود نہیں ہے”؟

ہم نے سنا تھا کہ قید خانے میں قیدی ہوتا ہے، لیکن اب تو پورا علاقہ قیدی ہے، اور جیلر ایک فائر وال ہے — جو نہ نظر آتا ہے، نہ جواب دیتا ہے۔

حکومت سے سوال ہے:

کیا ہر بارڈر ایریا رہائشی “مشکوک” ہے؟

کیا ہماری حب الوطنی کا امتحان یہی ہے کہ ہم نیٹ کے بغیر جئیں؟

کیا “ڈیجیٹل پاکستان” صرف لاہور، اسلام آباد اور کراچی تک محدود ہے؟

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:

1. نیٹ پر لگائی گئی رکاوٹیں فی الفور ختم کی جائیں۔

2. سرحدی علاقوں میں محفوظ، تیز اور عوامی انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔

3. عوام کے بنیادی حقوق، جیسے تعلیم، علاج اور روزگار، کو ڈیجیٹل یتیمی سے نکالا جائے۔

ورنہ یاد رکھیے…
جب دیواریں اونچی ہو جاتی ہیں، آوازیں بلند ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
اور جب آوازیں دبائی جاتی ہیں، قلم چلنے لگتا ہے۔

ہم قلم ہیں… اور جب تک نیٹ نہ بھی ہو… ہم لکھتے رہیں گے۔

محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت – دعا آن لائن نیوز