November 16, 2026

آئینہ وقت عنوان: خضدار کی چیخ – معصومیت پر حملہ تحریر: محمد حنیف شاہد

20250521_113122

آئینہ وقت
عنوان: خضدار کی چیخ – معصومیت پر حملہ

تحریر: محمد حنیف شاہد

کہتے ہیں بچپن مسکراہٹ کی وہ دھوپ ہے جو زندگی کے سخت موسموں میں بھی اندر سے گرماتی ہے۔ لیکن جب بندوقوں کا سایہ اسکول بیگ پر پڑ جائے، اور بموں کی گونج نظموں کو دبا دے، تو یہ دھوپ ہمیشہ کے لیے چھن جاتی ہے۔
خضدار، بلوچستان کا ایک معصوم علاقہ، آج خون میں نہا گیا۔ آرمی پبلک اسکول کی بس پر دہشتگردوں نے حملہ کر کے کم از کم 40 بچوں کی زندگیاں چھین لیں۔
یہ بچے، جن کے ہاتھوں میں کتابیں تھیں، جن کے ذہن خوابوں سے بھرے تھے، وہ آج کفن میں لپٹے اپنے گھروں کو لوٹے۔

ہم بطور قوم کس مقام پر آ کھڑے ہوئے ہیں؟ کیا دہشتگردی کو ہم نے ماضی کا قصہ نہیں سمجھا تھا؟ کیا یہ سانحہ پشاور کے بعد دوبارہ دہرایا جا رہا ہے؟
کہیں ہمارے سیکیورٹی ادارے، ہماری حکومت، اور ہماری سوچ، سب پھر سے سو تو نہیں گئے؟

یہ بچے کسی سیاسی جماعت کے نہیں تھے، نہ کسی مسلک، زبان یا قوم کے۔ یہ صرف “پاکستانی” تھے — ہمارے مستقبل کی وہ روشن کرنیں جنہیں سفاک اندھیروں نے نگل لیا۔

ہم ہر بار ایک جیسے الفاظ بولتے ہیں:
“شدید مذمت کرتے ہیں…”
“واقعے کی تحقیقات ہوں گی…”
“ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا…”

لیکن کیا کبھی کسی نے بچوں کے والدین کے سسکتے چہروں کو غور سے دیکھا ہے؟
کیا ریاست کے سینے میں اتنا درد بھی باقی ہے کہ وہ ماں کو دیکھے جو اپنے بیٹے کا اسکول یونیفارم سنبھالے بیٹھ گئی ہے، جسے آج واپس آنا تھا، مگر اب کبھی نہیں آئے گا۔

آئینہ وقت یہ سوال پوچھتا ہے:

ان بچوں کا قصور کیا تھا؟

یہ حملہ ناکامی ہے کس کی؟

ہماری سیکورٹی پالیسی کب بچوں کو تحفظ دے گی؟

صرف مذمت کافی ہے یا کسی کو جواب دہ بھی ٹھہرایا جائے گا؟

یہ سانحہ صرف خضدار کا نہیں، یہ ہم سب کا امتحان ہے۔
اگر ہم اب بھی خاموش رہے، تو کل یہ چیخیں کسی اور شہر، کسی اور اسکول سے آئیں گی…
اور تب شاید ہمارے پاس الفاظ بھی نہ ہوں۔

اللہ شہید بچوں کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور ان کے والدین کو صبر جمیل۔

ہم شرمندہ ہیں اے معصوم شہیدو!
تمہیں ہم تحفظ نہ دے سکے…

محمد حنیف شاہد
(آئینہ وقت)