November 16, 2026

شورکوٹ بستی کھوکھر آباد کے نوجوانوں میں کھیلوں کا فقدان

IMG-20250509-WA0265

شورکوٹ بستی کھوکھر آباد کے نوجوانوں میں کھیلوں کا فقدان، موبائل گیمز اور جوا ایپس سے نسل تباہی کے دہانے پر — وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری ایکشن کا مطالبہ

شورکوٹ (ذوالقرنین حیدر) – تحصیل شورکوٹ کی نواعی بستی کھوکھر آباد میں کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کے باعث نوجوان نسل خطرناک حد تک موبائل فون کی لت میں مبتلا ہو چکی ہے۔ والدین اور اساتذہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بچے اور نوجوان کھیلوں کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں قید ہو کر موبائل فون میں وقت ضائع کر رہے ہیں، بعض تو آن لائن جوئے جیسی خطرناک عادتوں میں بھی مبتلا ہو چکے ہیں۔

معروف نوجوان سماجی و سیاسی شخصیت امید وار چیئرمین یونین کونسل شمالی جنوبی میاں عمر راؤف کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں ایک بھی اسپورٹس گراؤنڈ موجود نہیں، جس کے باعث نوجوان جسمانی، ذہنی اور اخلاقی طور پر مفلوج ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن جوئے کی ایپس نے بچوں کو کم عمری میں ہی منفی راستے پر ڈال دیا ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے وقت میں ایک پوری نسل تباہی کا شکار ہو سکتی ہے۔

میاں راؤف کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر جھنگ سے مطالبہ کیا کہ بستی کھوکھر آباد میں فوری طور پر کھیل کے میدان کے قیام کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو ایک صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے یہ قدم نہ اٹھایا تو موبائل، منشیات اور بے راہ روی نوجوان نسل کو نگل جائیں گے۔