November 16, 2026

*افغانستان کی پاکستان دشمنی*

20250518_143119

*افغانستان کی پاکستان دشمنی*

پاکستان اور افغانستان کی تاریخ 9-11 سے شروع نہیں ہوتی۔ یہ تاریخ 14 اگست 1947 سے شروع ہوتی ہے۔ اور اس کے ہر ہر عہد میں افغان حکومت اور عوام کے ایک بڑے طبقے نے پاکستان سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کیا ہے۔ ہر عہد میں افغانستان سے پاکستان کے وجود کو مٹانے کے لیے کوششیں کی گئیں ہیں۔ پاکستان میں اعلیحدگی اور تخریب کاری کی تحریکیں چلانے والوں کو افغانستان میں پناہ، مالی امداد اور تربیت ملتی رہی ہے۔

آئیے تاریخ کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔

پاکستان کے قیام (1947) کے فوری بعد افغانستان نے پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی رکنیت کے خلاف ووٹ دینے والا واحد ملک افغانستان تھا۔
اُس وقت کی ظاہر شاہ حکومت نے موقف اختیار کیا کہ 1893 میں انگریزوں کے ساتھ معاہدے کے تحت قائم شدہ ‘ڈیورانڈ لائن’ انگریز کے جانے کے بعد ختم ہو گئی ہے۔ دریائے سندھ کے مغرب کا علاقہ اور بلوچستان افغانستان کو واپس کیے جائیں۔
ڈیورانڈ لائن معاہدے پر برطانوٰی حکومت کی مداخلت کے بعد افغانستان نے اپنی خارجہ پالیسی کا محور “آزاد پشتونستان” کو قرار دیا۔ افغانستان کے مالی اور سیاسی تعاون سے “پشتونستان موومنٹ” شروع ہوئی۔ جس نے مختلف ناموں سے پشتون خطوں میں پاکستان کے خلاف نفرت کے بیج بونے کی کوششیں ہمیشہ جاری رکھیں۔
آج کی تاریخ تک 84 سال بعد بھی طالبان حکومت ‘ڈیورانڈ لائن’ کو بین الاقوامی سرحد ماننے سے انکار ہی ہے۔ جو دونوں ملکوں کے درمیان بد اعتمادی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

پاکستان کے قیام کے فوری بعد ہی جب خان اور قلات نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تو اس کے بھائی ‘پرنس آغا عبدالکریم بلوچ’ نے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی۔ الحاق کا عمل مکمل ہونے پر یہ افغانستان فرار ہو گیا، جہاں اس نے ظاہر شاہ حکومت کے تعاون سے پاکستان میں تخریب کاری کا پہلا کیمپ قائم کیا۔ لیکن یہ منصوبہ تو کامیاب نہ ہو سکا، لیکن ‘پرنس آغا عبدالکریم بلوچ’ ساری زندگی افغانستان میں شاھی پروٹوکول سے مستفید ہوتا رہا۔

سال 1961 میں افغان افواج نے باجوڑ پر حملہ کیا، اسی سال پاکستان کے افغانستان میں سفارتخانے اور تمام قونصل خانوں کو بند کر دیا گیا۔

سال 1964 میں مری قبلیے کے مشہور تخریب کار شیر محمد بجرانی عرف جنرل شروف کی کمانڈ میں سینکڑوں پاکستانیوں کو قندہار کے نزدیک کیمپوں میں گوریلہ جنگ کی تربیت دی گئی۔ جو پاکستان فوج اور ریاست پر حملے کرتے رہتے تھے۔

1971 میں مشرقی پاکستان میں پراکسی جنگ لڑنے والی ‘مکتی باہنی’ کو ہندوستان کے علاوہ واحد افغانستان سفارتی تعاون فراہم کرنے والا ملک تھا۔
26 مارچ 1971 کو جب ‘مکتی باہنی’ نے نام نہاد اعلانِ آزادی کر کے بھارتی سر زمین پر جلاوطن حکومت کے قیام کا اعلان کیا۔ تو اس حکومت کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک افغانستان تھا۔

سرادر داؤد خان نے 1973 میں شاہ ظاہر شاہ کو ہٹا کر اقتدار سنبھالا تو پشتونستان کی حمایت کو افغانستان کی قومی پالیسی بنا دیا۔ اس کے دور میں نواب خیر بخش مری نے بھی ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں بلوچ علیحدگی پسندوں کی حمایت کی اور بعد میں افغانستان میں جلاوطنی اختیار کی ۔پشتونوں کے علاوہ مری اور مینگل قبلیے کے ہزاروں نوجوانوں کو افغانستان میں تربیت اور اسلحہ فراہم کیا گیا۔

سوویت حمایت سے 1978 میں نور محمد ترکئی برسر اقتدار آیا تو اس نے پاکستانی پشتون اور بلوچ علاقوں کو افغانستان کے سرکاری نقشے میں شامل کر لیا۔

ببرک کارمل (1979-1986)کے دور اقتدار میں ‘الذولفقار’ نامی دہشت گرد تنظیم کو افغانستان میں پناہ، اسلحہ اور تربیت مہیا کی گئی۔اس تنظیم نے 1981 میں پی آئی اے کی ایک پرواز کو اغوا کر کے کابل میں اتارا اور جہاز میں سوار پاکستان کے شہریوں کو قتل کیا۔
اس دور میں افغانستان کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان کے اندر حملے شروع ہوئے جو بعد نجیب اللہ کے دور میں بھی جاری رہے۔

سوویت انخلاء کے بعد برہان الدین ربانی کی حکومت قائم ہوئی۔ اُس وقت مغرب سے آنے والی امداد کو پاکستان مختلف افغان گروپوں میں اُن کے حجم کے مطابق تقسیم کرنا تھا۔ برہان الدین ربانی اور احمد شاہ مسعود نے کابل پر قبضہ کرنے کے بعد پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ساری رقم ‘کابل انتظامیہ’ کے حوالے کی جائے۔ جبکہ خانہ جنگی میں شامل دیگر تمام افغان گروپ اس کی مخالفت کر رہے تھے۔ اس لیے پاکستان اور برہان الدین ربانی حکومت کے تعلقات کشیدہ ہی رہے۔

جب 1996 میں طالبان نے افغانستان میں اقتدار حاصل کیا تو پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک تھا جس نے انہیں تسلیم کیا ۔ تاہم، طالبان ڈیورنڈ لائن کی توثیق کرنے سے انکار کر دیا۔ اور افغانستان میں قائم کشمیری مجائدین کے کیمپوں کو ختم کرا دیا، جس کے بعد پاکستان اور طالبان کے درمیان تعلقات خراب ہو گئے۔

سال 2001 میں امریکہ کی زیر قیادت حملے کے بعد بننے والی حامد کزئی اور اشرف غنی حکومتوں میں بھی پاکستان کے باغیوں کو افغانستان میں پناہ اور تعاون ملتا رہا۔

اگست 2021 میں طالبان نے دوبارہ اقتدار حاصل ہو گیا۔ تب سے طالبان حکومت بلوچ علیحدگی پسندوں اور ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے متعدد شواہد سامنے آ چکے ہیں۔ افغان طالبان پاکستان کی جانب سے سرحد پر باڑ لگانے اور سرحدی گزرگاہوں پر دستاویزات کی چیکنگ کی بھی مخالفت کرتے ہیں۔ دونوں کے درمیان کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آئیے پاکستان میں تخریب کاری کرنے والی کچھ معروف تنظیموں کے افغانستان سے تعلق کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔

1. بلوچ علیحدگی پسند تنظیمیں
پاپولر فرنٹ فار آرمڈ ریزسٹنس (PFAR): 1960 کی دہائی میں قائم ہونے والی اس تنظیم نے پاکستان میں بم دھماکوں کی ایک مہم چلائی۔ PFAR کے بیشتر کارکنوں کو افغانستان میں تربیت دی گئی، جہاں سے انہیں اسلحہ اور دیگر وسائل فراہم کیے گئے۔

بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF): 1970 کی دہائی میں، محمد داؤد خان کی حکومت نے کابل اور قندھار میں BLF کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیے۔ ان کیمپوں میں بلوچ جنگجوؤں کو گوریلا جنگ کی تربیت دی گئی اور اسلحہ فراہم کیا گیا۔ 1973 سے 1977 کے درمیان، افغانستان نے BLF کو سالانہ $875,000 کی مالی امداد فراہم کی۔ (یہ ریکارڈ نور محمد ترکئی کی حکومت نے پبلک کیا تھا)

بلوچستان پیپلز لبریشن فرنٹ (BPLF): 1976 میں میر ہزار خان مری کی قیادت میں قائم ہونے والی اس تنظیم نے افغانستان میں جلاوطنی اختیار کی اور وہاں سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

2. پشتون قوم پرست شخصیات اور تنظیمیں
اجمل خٹک: قومی عوامی پارٹی (NAP) کے رہنما اجمل خٹک نے 1970 کی دہائی میں افغانستان میں جلاوطنی اختیار کی۔ وہاں سے انہوں نے “پختون زلمے” نامی تنظیم کی قیادت کی، جسے افغان حکومت نے تربیت، اسلحہ اور مالی امداد فراہم کی۔ یہ تنظیم پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہی۔ اس تنظیم کے ایک رہنما ‘جمعہ خان صوفی’ نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب “فریب ناتمام” میں افغان حکومت کی جانب سے NAP کے کارکنوں کو مالی امداد اور تربیت فراہم کرنے کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔

اس کے علاوہ کچھ چیدہ چیدہ واقعات درج ذیل ہیں۔

براہمداغ بگٹی نے 2006 میں اعلانیہ افغانستان میں پناہ لی، اور پاکستان میں تحریب کاری کو منظم کیا۔

بالاچ مری2007 میں افغانستان میں مارا گیا۔

جماعت الاحرار نے 2014 میں افغانستان کے ننگرہار صوبے میں اپنا ہیڈکوارٹر قائم کیا۔

دہشت گرد اسلم بلوچ (اچو): BLA کا کمانڈر 2018 میں قندھار میں مارا گیا۔

اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان پر TTP کو پناہ اور امریکہ کے چھوڑے اسلحہ کی خریداری کی اجازت دینے کے شواہد سامنے آئے۔

بلوچ نیشنلسٹ آرمی (BNA) نے افغانستان کے قندھار میں اپنی موجودگی 2022 میں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں ظاہر کی۔

سال 2024 میں بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کے ٹرین ہائی جیکنگ اور فوجی قافلوں پر حملوں کے دوران افغانستان کی سرزمین پر موجود کمیونکیشن اور کمانڈ سنٹر استعمال ہوہے۔

رواں سال “آپریشن ہیروف 2.0” کے تحت BLA نے پاکستان کے فوجی اور انٹیلیجنس اداروں پر کئی مربوط حملے کیے، جن میں کمیونیکیشن کے تانے بانے افغانستان کی زمین سے ملتے ہیں۔

یہ سب تاریخ کا حصہ ہے۔ اس کے باوجود پاکستان نے افغان شہریوں کو کئی بار پاکستان میں انسانی ہمدردی اور اسلامی اخوت کی بنیاد پر پناہ دی۔ انہیں ریفیوجی کے بجائے ایک نارمل شہری کی طرح ٹریٹ کیا گیا۔ سویت یونین اور امریکہ کے خلاف جہاد میں ہزاروں پاکستانیوں نے اپنا خون پیش کیا۔

اگر پاکستان کی حکومتوں کی کچھ غلطیاں ہیں تو افغانستان کی حکومتوں کی اُس سے کئی گنا زیادہ غلطیاں ہیں۔

باقی “خود کو ملامت کرنے والوں” کی اپنی ہی دنیا ہے۔ جنہیں دنیا کی ہر خرابی کا ذمہ دار پاکستان لگتا ہے۔ اُن کے لیے ہدایت کی دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

مزید مطالعے کے لیے درج ذیل کتب سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

“بلوچستان میں بغاوت اور بیرونی ہاتھ”
مصنف: اقبال احمد

“پاک افغان تعلقات: ایک تاریخی جائزہ”
مصنف: پروفیسر قمر عباس