*یوم جمعہ کے مختصر مسائل* جمعہ 16 مئی 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*یوم جمعہ کے مختصر مسائل*
جمعہ 16 مئی 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
مسئلہ نمبر 311
*جمعہ کے روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بکثرت درود بھیجنے کا حکم ہے۔*
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا ”جمعہ کے روز مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، جو آدمی جمعہ کے روز مجھ پر درود بھیجتا ہے وہ میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے ۔( رواہ حاکم و بیہقی)
مسئلہ نمبر 312
*جمعہ میں دو خطبے ہیں، دونوں خطبے کھڑے ہو کر دینا مسنون ہے۔*
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دو خطبے دیتے تھے اور دونوں کے درمیان بیٹھتے تھے خطبے میں قرآن پڑھ کر لوگوں کو نصیحت فرماتے ۔(رواہ مسلم)
مسئلہ نمبر 313
یوم جمعہ کی ایک اہم سنت جو ہمارے ہاں مفقود ہو چکی ہے
*امام کو منبر پر چڑھ کر سب سے پہلے نمازیوں کو سلام کہنا چاہئے*
حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب منبر پر چڑھتے تو سلام کہتے ۔ ( رواہ ابن ماجہ)
مسئلہ نمبر 314
*خطبہ جمعہ، عام خطبہ کی نسبت مختصر ، اور نماز جمعہ عام نماز کی نسبت لمبی پڑھانی چاہئے۔*
حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ (جمعہ)
کا خطبہ مختصر اور نماز لمبی پڑھانا امام کی عقلمندی کی دلیل ہے، لہٰذا خطبہ مختصر دو اور نماز لمبی پڑھو۔ اسے احمد اور مسلم نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 315
*نماز جمعہ کے مسنون اوقات*
*جمعہ کے دن زوال سے قبل، زوال کے وقت اور زوال کے بعد سبھی اوقات میں نماز جمعہ پڑھنی جائز ہے۔*
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز جمعہ سورج ڈھلے پڑھاتے تھے۔“ اسے احمد ، بخاری، ابوداؤد اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ نمبر 316
*یوم جمعہ کی ایک سنت جو ہم بھول چکے ہیں*
*جمعہ کا خطبہ شروع ہو چکا ہو، تو آنے والے نمازی کو دوران خطبہ مختصر سی دو رکعت تحیۃ المسجد نماز پڑھ کر بیٹھنا چاہئے۔*
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ یہ کہتے ہیں کہ جمعہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے اتنے میں سلیک غطفانی آئے اور بیٹھ گئے ۔ آپ صلی اللہ وآلہ وسلم نے فرمایا ” اے سلیک! اٹھ کر مختصر دو رکعت ادا کر لو پھر آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا ” جب تم جمعہ کے روز آؤ آور امام خطبہ دے رہا ہو تو دور رکعت مختصر سی نماز ادا کرو۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں مارنا تو مسلمان ہی مارنا کیونکہ ہم کافر ہو کر مرنا نہیں چاہتے۔
آمین یا رب العالمین۔
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 00923008604333