تقدیر کے فیصلے اور دل کا اطمینان تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
تقدیر کے فیصلے اور دل کا اطمینان
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
انسان کوشش کرتا ہے، خواب بنتا ہے، منصوبے بناتا ہے… مگر اکثر زندگی اس کے خوابوں کے برعکس راستہ اختیار کر لیتی ہے۔ دل گھبرا جاتا ہے، اور زبان سے یہ سوال نکلتا ہے: “آخر میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟”
یہ سوال صرف غم زدہ دل کا شکوہ نہیں، بلکہ تقدیر سے ناواقف انسان کی بے چینی ہے۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ہمارے علم میں نہیں، لیکن اللہ کی حکمت میں ضرور ہے۔ انسان کا علم محدود، مگر رب کی حکمت لامحدود ہے۔
قرآن ہمیں بار بار سکھاتا ہے کہ:
“عَسَىٰ أَن تَكْرَهُوا شَيْـًۭٔا وَهُوَ خَيْرٌۭ لَّكُمْ”
ترجمہ: ہو سکتا ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو، حالانکہ وہ تمہارے لیے بہتر ہو۔ (البقرہ: 216)
یہی ایمان کا مقام ہے جہاں دل مطمئن ہو جاتا ہے کہ میرے رب کا ہر فیصلہ میرے حق میں ہے — چاہے میری آنکھوں کو وہ فیصلہ اچھا لگے یا نہیں۔ کیونکہ اللہ کی رضا میں بندے کی بھلائی چھپی ہوتی ہے۔
زندگی میں اگر کوئی دروازہ بند ہو، تو سمجھ لیجیے کہ اللہ نے آپ کو اس دروازے سے بچایا ہے جس کے پار آزمائش تھی، زوال تھا یا محرومی تھی۔ وہ اللہ ہے، جو والدین سے زیادہ مہربان ہے، اور ہر قطرۂ اشک کا حساب رکھتا ہے۔
بس اپنے دل کو یہ یقین دے دیجیے:
“جو تقدیر میں لکھا ہے، وہ مجھ سے چھن نہیں سکتا… اور جو میرے حق میں نہیں، وہ مجھے مل نہیں سکتا۔”
جب انسان اس یقین کو دل میں بسا لیتا ہے، تو تقدیر کے فیصلے بھی اسے تکلیف نہیں دیتے، بلکہ اطمینان دے جاتے ہیں
۔دعا:
اے میرے رب!
تو میری چاہتوں سے بہتر لکھنے والا ہے۔ میرے دل کو اپنے فیصلوں پر راضی فرما دے۔ مجھے وہی عطا کر، جس میں میرے لیے خیر ہو، اور میرے دل کو ہر اس چیز سے جدا کر دے، جو میرے حق میں نقصان دہ ہو۔
اے اللہ! میری تقدیر میں وہ سکون لکھ دے جو تیرے قرب سے ملتا ہے، اور وہ اطمینان دے جو تجھ پر بھروسے سے حاصل ہوتا ہے۔
آمین یا رب العالمین