بہاول نگر میں سول موک ایکسرسائز، پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر ہنگامی تیاریوں کا جائزہ
بہاول نگر میں سول موک ایکسرسائز، پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر ہنگامی تیاریوں کا جائزہ
بہاول نگر ( )
موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر بہاول نگر میں سول موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف محکموں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ اس مشق کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
مشق میں پولیس، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، ٹیلی فون، وابڈا اور دیگر سول ڈیفنس اداروں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور احمد، اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
مشق کے دوران مختلف ہنگامی صورتحال کے عملی مظاہرے کیے گئے اور ریسکیو و ریلیف کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ اس موقع پر “پاکستان قائم دائم رہے گا” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، مستعدی اور مربوط حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔