November 16, 2026

*کے ڈی اے کے جعلسازوں کے گرد گھیرا تنگ*

20250506_182047

*کے ڈی اے کے جعلسازوں کے گرد گھیرا تنگ*

*پلاٹوں کے بڑے اسکینڈل پر تحقیقاتی اداروں سے قبل ہی سندھ حکومت حرکت میں آگئی*

*چیئرمین گورننگ باڈی اور وزیر بلدیات سندھ کے حکم پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی*

*کمیٹی 15 روز میں تحقیقات کے بعد رپورٹ تیار کرکے وزیر بلدیات کو پیش کرے گی*

*ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے نوٹیفکیشن جاری کردیا*

*کراچی۔۔۔*❗

*ادارہ ترقیات کراچی میں اربوں روپے مالیت کے قیمتی پلاٹوں کو مبینہ جعلسازی سے ٹھکانے لگائے جانے کے انکشافات پر تحقیقاتی اداروں سے قبل محکمہ بلدیات سندھ حرکت میں آگیا،وزیر بلدیات سندھ کی حکم پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو کہ 15 روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی میں اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سندھ حکومت نے اس کا نوٹس لے لیا ہے،واضح رہے کہ کے ڈی اے محکمہ ریکوریز کی جانب سے شہر کے 7 قیمتی اور اربوں مالیت کے پلاٹوں کے حوالے سے ایک لیٹر 20 مارچ 2025ء کو ڈائریکٹر لینڈ اور ڈائریکٹر آئی ٹی کو ارسال کیا گیا تھا جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ حال ہی میں سات ایسے پلاٹ جن کی انٹری محکمہ ریکوریز کے فائل مینجمنٹ سسٹم میں موجود ہی نہیں ہے ان کے چالان بینک میں جمع کئے گئے اور دیگرامور بھی انجام دیدئے گئے ہیں لہذا ان پلاٹوں جس میں پلاٹ نمبرF-43 بلاک 5 کلفٹن،ایس ٹی 15/A بلاک11-L نارتھ کراچی ٹائون شپ،پلاٹ نمبر ایس بی 32 بلاک4B سرجانی ٹائون،ایس بی 33بلاک4B سرجانی ٹائون،ایس بی104 بلاک6-C سرجانی ٹائون ،ایس بی91 بلاک6-Cسرجانی ٹائون اور ایس بی17ایس ٹی 23/2بلاک 37 سی کورنگی ٹائون شپ شامل ہیںان کیخلاف فوری نوٹس لیا جائے ،محکمہ ریکوریز نے مذکورہ پلاٹ کے بنائے گئے تمام چالان کو بوگس بھی قرار دیا تھا،شہر کے قیمتی پلاٹوں کے مذکورہ اسکینڈل کے بعد ادارہ ترقیات کراچی میں زبردست کھلبلی مچ گئی تھی تاہم محکمہ ریکوریز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ 7 پلاٹوں کے علاوہ 100 سے زائد دیگر بوگس چالانوں کے ذریعے پلاٹوں کو ٹھکانے لگائے جانے کی اطلاعات ہیں جس کی تحقیقات کے بعد سنگین انکشافات منظر عام پر آسکتے ہیں،دریں اثناء سندھ حکومت نے کے ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ کی درخواست پر مذکورہ پلاٹوں میں مبینہ جعلسازی کے انکشافات پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں کمیٹی کا چیئرمین اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید کو بنایا گیا ہے جبکہ کمیٹی کا سیکریٹری ڈپٹی سیکریٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ عبدالرئوف سومرو اور ممبر پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈڈلو زہرانی کو بنایا گیا ہے مذکورہ کمیٹی 15 روز میں رپورٹ چیئرمین گورننگ باڈی وصوبائی وزیر بلدیات کو پیش کرے گی۔*