آپریشن سندور’اورپاک۔انڈیاجنگ تحریر: اللہ نوازخان
تحریر: اللہ نوازخان
allahnawazk012@gmail.com
‘آپریشن سندور’اورپاک۔انڈیاجنگ کاامکان
انڈیا نےچھ مئی کی شب کو پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کر دیے۔انڈیا کی طرف سے نو مقامات کو نشانہ بنانے کادعوی کیا گیا ہےجبکہ پاکستان کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ چھ مقامات پر اٹیک ہوئے ہیں۔انڈیا نے اس آپریشن کو ‘آپریشن سندور’ کا نام دیا ہےاور یہ آپریشن پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر کیا گیا۔22 اپریل کو پہلگام کے علاقے میں 26 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا اور اس کا ملبہ انڈیا نے پاکستان پر ڈال دیا۔الزام لگانے کے علاوہ پاکستان سے بدلہ لینے کابھی اعلان کیا گیا۔پہلے سمجھا گیا کہ پاکستان پر فوری طور پر حملہ کیا جائے گا،لیکن اپ تقریبا دو ہفتوں کے بعد حملہ کیاگیا ہے۔یہ حملہ مرید کے،بہاولپور اور آزاد کشمیرکے علاقوں پر ہوا۔پاک آرمی کےترجمان کے مطابق 26 افراد شہید ہو گئے ہیں اور 46افراد زخمی ہیں۔دوکے قریب مساجد بھی شہید ہوئی ہیں۔جوابی طور پر پاکستان نے انڈیا کے پانچ طیارے گرا دیےاور چھ انڈین کی مرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔گرائے گئے طیاروں میں تین رافیل،ایک مگ۔29 اور ایک ایس یو طیارہ شامل ہے۔پاکستان کا کوئی طیارہ نہیں گرایا گیا،لیکن آبادی کو نقصان پہنچا ہے۔یہ انڈیا کی بدنیتی ہے کہ پاکستان پر حملے کر رہا ہے۔انڈیا یہ سمجھ رہا ہے کہ امریکہ کی طرح وہ بھی دوسرے ممالک کا بے تاج بادشاہ ہے۔انڈین گورنمنٹ ایک انتہا پسند،تشددپسند،انسانیت سے نفرت کرنے والے اور فرقہ پرست نریندرا مودی کے قبضے میں ہےاور مودی نہیں چاہتا کہ پاکستان پرامن رہے۔حالانکہ مودی کو اچھی طرح علم ہے کہ پاکستان بھی دفاعی لحاظ سے کمزور ملک نہیں بلکہ ایٹمی قوت کا مالک ملک ہے اور وقت ضرورت ایٹم بم کااستعمال بھی کر سکتا ہے،اس کے باوجود بھی پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ جاری رہتی ہے۔ماضی میں تین جنگیں انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہو چکی ہیں اور کئی جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں۔1999 کی کارگل جنگ کے بعد کئی دفعہ یوں محسوس ہوتا تھا کہ جنگ چھڑنے والی ہے لیکن جنگ شروع نہ ہو سکی۔اس وقت جب یہ سطریں لکھی جا رہی ہیں،ابھی تک کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ جنگ شروع ہوگی یا نہیں؟اگر جنگ شروع ہو جاتی ہے تو پاکستان بھی پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہے۔انڈیا’آپریشن سندور’ کوکامیاب آپریشن کہہ رہا ہے،لیکن کامیاب نہیں کہا جا سکتا کیونکہ انڈیا خود بھی پانچ طیاروں کی قربانی دے چکا ہےاور تقریبا آٹھ افرادہلاک بھی ہو گئے ہیں۔رافیل طیاروں کا تباہ ہونا یہ نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان پوری قوت سے جواب دے سکتا ہے۔رافیل طیارے جدید ٹیکنالوجی سے تیار کیے گئے ہیں اور جوہری ہتھیار بھی لے جا سکتے ہیں۔پاکستان کی طرف سے منہ توڑ جواب دیا گیا ہےاور آئندہ بھی اس سے بڑھ کر جواب دیا جاتا رہے گا۔پاکستان کے پاس بھی جدید اسلحہ موجود ہےاور جوہری قوت کی موجودگی پاکستان کو ناقابل شکست بنا رہی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اگر باقاعدہ جنگ شروع ہو جاتی ہے تو یہ جنگ اس خطے کے لیے بہت تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔انڈیا بار بار پاکستان کو انڈر پریشر کرنے کے لیےمختلف قسم کی سٹرائکس کرتا رہتا ہے۔بین الاقوامی قوانین کوپامال کر کے انڈیا دنیا کو یہ پیغام دے چکا ہے کہ وہ کسی ضابطے یا قانون کی پرواہ نہیں کرتا۔پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے،حالانکہ پاکستان کی طرف سےجوابی رد عمل بھی دیا جاتا رہا ہے۔انڈیا صرف پاکستان کا مخالف نہیں بلکہ چین کے ساتھ بھی اس کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔بنگلہ دیش کے ساتھ بھی تناؤ بڑھ رہا ہے،اس لیے انڈیا کی کوشش ہوگی کہ وہ کسی ملک کے ساتھ بھی باضابطہ جنگ نہ چھیڑے،کیونکہ اس طرح کوئی دوسری ریاست اس پر حملہ کر سکتی ہے۔ہو سکتا ہے پاکستان اور انڈیا مذاکرات کی میز پرآجائیں اور مسئلے کا کوئی بہتر حل نکال لیں۔انڈیانے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر کےپاکستان کاپانی بھی بند کرلیا تھا۔پانی کی بندش کو پاکستان کی طرف سے اعلان جنگ سمجھا گیا۔اگر مذاکرات ہوتے بھی ہیں تو پاکستان کو چاہیےکہ پانی کی بندش اور دیگر جرائم کا حساب لے۔پاکستان کا دفاعی نظام بہت ہی مضبوط ہے۔انڈیا کو اگر جدید اسلحے اور ایٹم بم کا ڈر نہ ہوتا تو شاید کافی عرصہ پہلے ہی حملہ کر چکا ہوتا۔کیا انڈیا اب بھی اتنا دم خم رکھتا ہے کہ پاکستان کا مقابلہ کر سکے؟پاکستان کی سلامتی آسانی سے ختم نہیں کی جا سکتی۔ممکن ہے دو چار دن جنگ جاری رہے اور اس کے بعد جنگ کا اختتام ہو جائے،لیکن فوری کاروائی انڈیا کو سمجھانے کے لیے کافی ہے کہ پاکستان ابھی اتنا کمزور نہیں ہوا کہ کسی خطرے کا مقابلہ نہ کر سکے۔جنگ کی صورت میں پوری پاکستانی قوم پاک آرمی کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جاتی ہےاورآئندہ بھی کھڑی ہوتی رہے گی۔شہادت کے جذبے سے سرشار پاک آرمی اور پاک قوم یک جان ہو کرکسی دشمن کےخلاف لڑ سکتی ہے۔
22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والا حملہ افسوس ناک بھی ہے کیونکہ بے گناہ افراد مارے گئے اور اسلام کے مطابق ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے برابر ہے۔واضح بھی ہو چکا ہے کہ پہلگام حملے میں پاکستان ملوث نہیں لیکن انڈیا خواہ مخواہ الزام تراشی کر رہا ہے۔انڈیا خود پاکستان میں دہشت گردانہ کاروئیوں میں ملوث ہے اور اس کےثبوت بھی مل چکے ہیں،لیکن انڈیا ڈھیٹ بن کر انکار کردیتا ہے۔پاکستان ہر منفی حرکت کا جواب حاصل کرےاور بین الاقوامی برادری سمیت اقوام متحدہ کو بھی متوجہ کرے۔پاکستان کئی قسم کے مسائل کا شکار ہے،لیکن دفاعی لحاظ سے بہت ہی مضبوط ہے۔اس بات کا امکان ہے کہ انڈیا بھی زیادہ شرارت نہیں کرے گا۔پاکستان اور انڈیا دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور ایٹم دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔شاید مودی گورنمنٹ یہ سمجھتی ہےکہ پاکستان کو تھوڑا سا نقصان پہنچا کر مسئلے کو سلجھایاجا سکتا ہے تو ایسا ممکن نہیں ہے ۔ممکن اس لیےنہیں ہے کہ پاکستان بھی کوئی ترنوالا نہیں بلکہ لوہے کا چنا ہے اور آسانی سے نہیں چبایا جا سکے گا۔بعض اوقات معمولی سی جھڑپ بڑی جنگ بھی شروع کرا سکتی ہے۔عوامی دباؤ کے علاوہ عالمی سبکی بھی کسی بھی ریاست کو مجبور کر سکتی ہے کہ وہ جنگ لڑے۔اب بھی دونوں ممالک کی عوام کے ساتھ عالمی برادری کی اکثریت سمجھتی ہے کہ جنگ کا امکان نہ ہونےکے برابر ہے،لیکن اس کو بھی سمجھنا ہوگا کہ جنگ بعض اوقات اس طرح بھی شروع ہو جاتی ہے کہ جس کا معمولی ساامکان تک نہیں ہوتا۔انڈیا جو زیادتی کر چکا ہے،اس کواس کا ازالہ کرنا ہوگا۔انڈیا اگر ازالہ کرنے سے انکار کرے تو پاکستان کو بھی ڈٹ جانا چاہیے تاکہ انڈیا ازالہ کرنے کے لیے مجبور ہو جائے۔انڈیا نے جس طرح پاکستان کے اندر حملے کیے،اس طرح پاکستان بھی انڈیا کے اندر حملے کر دے تاکہ حساب برابر ہو جائے۔جنگ کوئی اچھی چیز نہیں ہوتی لیکن جنگ لڑنا جب ناگزیر ہو جائے تو پیچھے ہٹنا بھی بدترین عمل ہوتا ہے۔اپنے حق کی خاطر لڑنا چاہیے تاکہ عزت کے ساتھ جیا جا سکے۔انڈین گورنمنٹ کو خود بھی سمجھنا چاہیے کہ دوسروں کو نقصان پہنچانے والا خود بھی نقصان سے نہیں بچ سکتا۔دشمنی یا دوستی نہ سہی،ایک دوسرے سے برابری کے تعلقات رکھ کر انڈیا اور پاکستان آگے بڑھ سکتے ہیں لیکن اس سے قبل انڈیا کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔