November 16, 2026

اہم عدالتی مکالمہ: مخصوص نشستوں کے کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور جج صاحبان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250504_143404

اہم عدالتی مکالمہ: مخصوص نشستوں کے کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور جج صاحبان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ
رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں

اسلام آباد:
سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایک نہایت اہم اور تلخ مکالمہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر اور معزز جج صاحبان کے درمیان مؤقف اور قانونی نقطہ نظر پر شدید اختلافات دیکھنے کو ملے۔

عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے فیصلے پر عمل درآمد کیا ہے، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا:

“مجھے مت بتائیں کہ میں نے کیا کرنا ہے۔”

وکیل سکندر بشیر نے کہا:

“میں نے کوئی نکتہ نہیں پڑھا اور آپ نے پہلے ہی اپنا ذہن بنا لیا ہے۔”

اس پر جسٹس عائشہ ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:

“آپ کی پٹیشن پڑھی ہے، لیکن اس کے قابلِ سماعت ہونے پر میرا سوال ہے۔”

مکالمے کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ:

“ہم نے فیصلے پر ایک پیراگراف کی حد تک عمل درآمد کیا ہے۔”

جس پر جسٹس عقیل عباسی نے تنقیدی سوال اٹھایا:

“کیا یہ آپ کی منشا و مرضی کی بات ہے کہ آپ خود فیصلہ کریں گے کس پیراگراف پر عمل کرنا ہے؟”

یہ مکالمہ نہ صرف اس کیس کی حساسیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کی بھی غمازی کرتا ہے کہ عدالت آئینی اداروں کی جانب سے فیصلوں کے مکمل اور غیر مشروط نفاذ کی سختی سے توقع رکھتی ہے۔ معزز جج صاحبان نے واضح کیا کہ عدالت محض علامتی عملدرآمد کو کافی نہیں سمجھے گی۔

قانونی ماہرین کے مطابق، اس مکالمے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے مؤقف سے مطمئن نہیں اور آنے والے دنوں میں ممکن ہے کہ عدالت اس مقدمے میں مزید سخت مؤقف اختیار کرے۔