قانونی تجزیہ فیصلے پر عملدرآمد سے قبل نظرثانی، آئینی اصولوں کی روشنی میں ایک اہم سوال تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
قانونی تجزیہ
فیصلے پر عملدرآمد سے قبل نظرثانی، آئینی اصولوں کی روشنی میں ایک اہم سوال
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
اسلام آباد:
سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک حیران کُن پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب عدالتِ عظمیٰ کے 13 رکنی فل کورٹ بنچ میں سے 11 جج صاحبان نے ایک ایسے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا جس پر تاحال مکمل عملدرآمد ہی نہیں ہوا تھا۔ اس صورتِ حال نے قانونی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے کہ آیا کسی عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے پہلے اس پر نظرثانی کی کارروائی آئینی طور پر قابلِ قبول ہے یا نہیں۔
آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 188 سپریم کورٹ کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کا اختیار ضرور دیتا ہے، لیکن یہ اختیار عملدرآمد کے بعد پیدا شدہ قانونی و عملی پیچیدگیوں کی بنیاد پر استعمال ہوتا ہے، نہ کہ اس وقت جب فیصلہ محض کاغذی شکل میں موجود ہو۔
قانونی ماہرین کے مطابق:
“اگر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہی نہ ہوا ہو تو اُس پر نظرثانی کا مطلب یہ ہو گا کہ عدالت اپنے ہی جاری کردہ فیصلے کے مؤثر ہونے سے قبل اُس کی حیثیت پر سوال اٹھا رہی ہے، جو قانونی منطق کے برخلاف ہے۔”
سپریم کورٹ کے قواعد (Supreme Court Rules) کے مطابق بھی نظرثانی کی بنیاد “فیصلے میں واضح قانونی غلطی” ہونی چاہیے، نہ کہ محض نظریاتی یا سیاسی اختلاف۔ جب فیصلے کا نفاذ ہی نہ ہوا ہو، تو اس میں کوئی عملی غلطی کیسے ظاہر ہو سکتی ہے؟
یہ معاملہ نہ صرف عدالتی اختیار کے دائرہ کار کا امتحان ہے بلکہ اس سے عدلیہ کی ساکھ، داخلی یکجہتی اور فیصلہ سازی کے عمل پر بھی براہِ راست اثر پڑ سکتا ہے۔
آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج صاحبان کو چاہیے کہ وہ نظرثانی کی درخواستوں کو اس وقت تک مؤخر کریں جب تک متعلقہ فیصلے پر مکمل اور غیر مشروط عملدرآمد نہ ہو جائے، تاکہ نظرثانی ایک حقیقت پر مبنی قانونی عمل ہو، نہ کہ محض ایک نظریاتی مشق۔