November 16, 2026

عدالتی آئینہ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں مخصوص نشستوں پر نظرثانی: آئینی دائرہ کار اور جسٹس منصور علی شاہ کا فیصلہ

20250504_143404

عدالتی آئینہ
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
مخصوص نشستوں پر نظرثانی: آئینی دائرہ کار اور جسٹس منصور علی شاہ کا فیصلہ

اسلام آباد:
سپریم کورٹ آف پاکستان میں مخصوص نشستوں کے اہم نظرثانی کیس کی سماعت سے قبل معزز جج جسٹس منصور علی شاہ نے آئینی تشریح پر مبنی ایک اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس میں نظرثانی کی حدود اور طریقہ کار کو واضح کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ آئندہ آنے والی نظرثانی درخواستوں کے لیے راہ متعین کرتا ہے اور عدالتی دائرہ اختیار کو آئین کے آرٹیکل 188 اور سپریم کورٹ رولز کے مطابق محدود کرتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ:

“نظرثانی صرف ان نکات پر ہو سکتی ہے جو پہلے زیرِ بحث نہ آئے ہوں، پہلے سے مسترد شدہ نکات کو دوبارہ چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔”

جسٹس منصور علی شاہ نے یہ بھی واضح کیا کہ نظرثانی درخواست صرف آئین کے آرٹیکل 188 اور سپریم کورٹ رولز کے رول 26 کے تحت ہی دائر کی جا سکتی ہے۔ اس دائرہ کار سے باہر کوئی بھی دلیل، چاہے وہ کتنی ہی وزنی کیوں نہ ہو، عدالت میں قابلِ سماعت نہیں ہو گی۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب مخصوص نشستوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں نے نظرثانی کی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ معزز جج کا موقف ہے کہ:

“نظرثانی کا مقصد دوبارہ اپیل سننا نہیں، بلکہ عدالتی فیصلے میں موجود واضح قانونی غلطی کی اصلاح کرنا ہوتا ہے۔”

اس فیصلے سے واضح ہوتا ہے کہ عدالت مستقبل میں ان درخواستوں کو مسترد کرے گی جن میں وہی نکات دوبارہ اٹھائے جائیں گے جو پہلے ہی عدالت میں زیرِ غور آ چکے ہوں اور مسترد کیے جا چکے ہوں۔

عدالتی حلقوں کا ماننا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کا یہ فیصلہ نہ صرف موجودہ مخصوص نشستوں کے مقدمے پر اثر انداز ہو سکتا ہے، بلکہ مستقبل میں دائر ہونے والی دیگر آئینی یا سیاسی نوعیت کی نظرثانی درخواستوں کے لیے بھی ایک مثال (precedent) بنے گا۔

قانونی ماہرین کے مطابق، یہ فیصلہ اعلیٰ عدلیہ کے “اپنے دائرہ اختیار کی خود تشریح” کا عملی مظہر ہے، اور اس سے سپریم کورٹ کی قانونی حکمت عملی میں شفافیت اور مستقل مزاجی پیدا ہو گی۔