November 16, 2026

آئینہ وقت تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں برائے اشاعت: دعا آن لائن نیوز

20250504_143404

آئینہ وقت
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
برائے اشاعت: دعا آن لائن نیوز

بھارت میں قومی مفاہمت، پاکستان میں سیاسی انتقام؟

بھارت کی سیاست میں ایک غیر معمولی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی وزیراعظم ہاؤس میں آمنے سامنے بیٹھے۔ دو سیاسی حریف، ایک میز پر، بغیر کسی میڈیا شور شرابے کے۔ اگرچہ ملاقات کی تفصیلات فی الحال پردۂ اخفا میں ہیں، لیکن دنیا کو ایک واضح پیغام دیا گیا: قومی مفاد، ذاتی انا سے بالاتر ہے۔

ادھر پاکستان میں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ قومی یکجہتی کے دعوے کرنے والی حکومت نے اس ہفتے بھی عمران خان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ وہی عمران خان جو ایک طویل عرصہ اس ملک کا وزیراعظم رہا، آج قید و بند کی صعوبتیں سہہ رہا ہے اور ملاقات کا بنیادی انسانی حق بھی اس سے چھینا جا رہا ہے۔

کیا قومی مفاہمت صرف تقریروں کی حد تک محدود رہے گی؟ کیا ہمارے حکمران بھارت سے بھی کچھ سیکھنے پر آمادہ ہوں گے؟ یہ سوالات اب ہر باشعور پاکستانی کے ذہن میں گونج رہے ہیں۔

قوموں کی ترقی صرف سڑکوں اور پلوں سے نہیں ہوتی، بلکہ اختلافِ رائے کو برداشت کرنے، مخالفین کو جینے کا حق دینے، اور سیاسی انتقام سے اجتناب برتنے سے ہوتی ہے۔ ورنہ تاریخ کسی کو معاف نہیں کرتی۔