پی ٹی آئی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں ایک بار پھر وقت مانگ لیا، عدالت نے 24 جون کی تاریخ مقرر کر دی
پی ٹی آئی نے 26 نومبر احتجاج کیس میں ایک بار پھر وقت مانگ لیا، عدالت نے 24 جون کی تاریخ مقرر کر دی
بیرسٹر گوہر پانچ ماہ میں بھی اسٹیٹمنٹ ریکارڈ نہ کرا سکے، کارروائی سست روی کا شکار
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 26 نومبر 2022 کے احتجاج کے تناظر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف دائر پرائیویٹ کمپلینٹ کیس میں ایک بار پھر تاخیر سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں 13 دسمبر 2023 کو دائر کی گئی اس کمپلینٹ کی اب تک دس سے زائد سماعتیں ہو چکی ہیں، تاہم کارروائی تاحال ابتدائی مراحل سے آگے نہیں بڑھ سکی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق پرائیویٹ کمپلینٹ دائر کرنے والے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے پانچ ماہ گزرنے کے باوجود اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ نہیں کرایا گیا۔ سماعت کے دوران فاضل عدالت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کی درخواست پر مہلت دیتے ہوئے، بیرسٹر گوہر کی سہولت کے مطابق نئی تاریخ 24 جون مقرر کر دی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق فوجداری نوعیت کی پرائیویٹ کمپلینٹ میں مدعی کا بیان کارروائی کو آگے بڑھانے کا بنیادی قدم ہوتا ہے، جس کے بغیر نہ تو ملزمان کو طلب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی قانونی پیش رفت ممکن ہوتی ہے۔ اس تناظر میں مسلسل تاخیر نہ صرف قانونی نظام پر سوالیہ نشان ہے بلکہ شکایت کنندہ کی سنجیدگی پر بھی بحث چھیڑ رہی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے اس کیس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 26 نومبر کے احتجاج کے دوران کارکنان پر ریاستی جبر کیا گیا اور اعلیٰ حکومتی شخصیات اس کے ذمہ دار ہیں۔ تاہم اب تک مقدمے کی کارروائی صرف تاریخوں کی نذر ہو رہی ہے۔
سیاسی و قانونی حلقوں میں یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ آیا پی ٹی آئی واقعی اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سنجیدہ ہے، یا پھر یہ بھی محض ایک سیاسی دباؤ کی کوشش تھی، جو وقت گزرنے کے ساتھ دم توڑتی جا رہی ہے۔