پولیس تشدد کے خلاف وکلا کا احتجاج، اسلام آباد ہائی کورٹ میدانِ نزاع بن گئی
پولیس تشدد کے خلاف وکلا کا احتجاج، اسلام آباد ہائی کورٹ میدانِ نزاع بن گئی
اسلام آباد (رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں)
ضلع کچہری اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک وکیل پر مبینہ تشدد کے خلاف وکلا برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔ واقعے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے اندر اور باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون میں ہائی کورٹ کے باہر قیدی وین بھی کھڑی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری ہائی کورٹ اور اطراف میں تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ تاہم، ملوث پولیس اہلکاروں کی تاحال گرفتاری نہ ہونے پر وکلا کی برہمی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس واقعے کے خلاف احتجاجاً عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے آج مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ ساتھ ہی شاہراہِ دستور کو بند کرنے کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے، جس سے وفاقی دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ پر کشیدگی کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں۔
وکلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ ملک گیر سطح تک بڑھایا جائے گا۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایک وکیل پر تشدد دراصل قانون کے وقار پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ شہری حلقے اس کشیدگی پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ریاستی ادارے فوری طور پر مداخلت کر کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کریں۔