آئینہ وقت جعلی بیانیے کا کھیل: قومی سلامتی یا ریاستی فریب؟ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت
جعلی بیانیے کا کھیل: قومی سلامتی یا ریاستی فریب؟
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
حالیہ دنوں فرانسیسی میڈیا کی ایک سنسنی خیز رپورٹ نے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی سطح پر بھی سیاسی و صحافتی حلقوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کے متعلق جھوٹا بیانیہ قائم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کیا۔ یہ انکشاف اگر درست ثابت ہوتا ہے تو یہ کسی ایک جھوٹ کی کہانی نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، جو پلوامہ سے شروع ہو کر پہلگام تک پھیلا ہوا ہے، اور جس کا بنیادی ہدف سیاست، نفرت اور جنگی جنون کو فروغ دینا ہے۔
آج کی دنیا میں جہاں AI ایک جدید ٹیکنالوجی کے طور پر ترقی کا نشان سمجھی جا رہی ہے، وہیں اس کا غلط استعمال سنگین اخلاقی، قانونی اور جغرافیائی خطرات کو جنم دیتا ہے۔ اگر ریاستیں خود جھوٹے حملے اور فرضی بیانیے گھڑنے لگیں، تو پھر سچائی، قانون اور انسانی زندگی کی حرمت کہاں باقی رہ جائے گی؟
پلوامہ حملے کو بنیاد بنا کر بھارت نے نہ صرف خطے میں جنگی فضا پیدا کی بلکہ اسے اپنے انتخابی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا۔ اور اب اگر پہلگام واقعے کو بھی انہی خطوط پر جھوٹ اور AI کی مدد سے تراشا گیا ہو، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بھارت کی موجودہ قیادت “قومی سلامتی” کے نام پر “ریاستی فریب” کا بازار گرم کر رہی ہے۔
یہ سوال صرف بھارت کی داخلی سیاست کا نہیں، بلکہ عالمی امن، صحافت کی سچائی، اور ٹیکنالوجی کے صحیح و غلط استعمال کا بھی ہے۔ کیا اقوامِ عالم اس گمراہ کن رجحان پر خاموشی اختیار کریں گی؟ کیا اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کے ادارے، اور عالمی میڈیا اس دھوکہ دہی کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے؟ یہ وقت ہے کہ عالمی ضمیر جاگے اور سچ کی روشنی جھوٹ کے اس اندھیرے کو چیر دے۔
بطور صحافی اور قلمکار ہمارا فرض ہے کہ ہم ان حقائق کو بے نقاب کرتے رہیں، تاکہ سچ کو دفن کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو۔