*میاں چنوں: پیسوں کے لین دین کا تنازع، فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی*
*میاں چنوں: پیسوں کے لین دین کا تنازع، فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی*
میاں چنوں (نامہ نگار) گزشتہ شب خالد ٹی اسٹال پر دو گروپوں کے درمیان پیسوں کے لین دین کے تنازع پر جھگڑا ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق، عبداللطیف ڈوگر نے حمزہ آرائیں سے واجب الادا رقم وصول کرنی تھی۔ متعدد بار مطالبہ کرنے کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر عبداللطیف ڈوگر نے ایک پنچائیت بلائی، جس میں حمزہ آرائیں، اس کا بھائی اور دیگر متعلقہ افراد شریک ہوئے۔ دورانِ بات چیت حمزہ آرائیں کے بھائی نے شدید گالم گلوچ شروع کردی اور مخالفین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ موقع پر موجود افراد نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ باز نہ آیا اور پسٹل اور خنجر نکال کر دھمکیاں دیتا رہا۔
صورتحال بگڑنے پر عبداللطیف ڈوگر کے ساتھیوں نے مداخلت کی لیکن حمزہ آرائیں اور اس کا بھائی موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ کچھ دیر بعد حمزہ آرائیں نے تعاقب کرتے ہوئے عبداللطیف ڈوگر پر مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی عبداللطیف ڈوگر کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میاں چنوں منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمزہ آرائیں میاں چنوں میں مبینہ طور پر بھتہ خوری میں ملوث ہے اور بعض سرکاری افسران کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔
اہلِ علاقہ نے ڈی پی او خانیوال اور ڈی ایس پی میاں چنوں سے فوری نوٹس لینے اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔