اسلام آباد دفعہ 144 کی خلاف ورزی، ترنول میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج
اسلام آباد
دفعہ 144 کی خلاف ورزی، ترنول میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج
اسلام آباد: ترنول میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں 400 سے زائد افراد کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق 18 اپریل 2025 کو دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر 350 سے 400 کے لگ بھگ افراد نے ترنول پھاٹک پر غزہ مارچ کے نام پر غیر قانونی اجتماع کیا، جس میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے ساؤنڈ سسٹم، بینرز، جھنڈے اور پلے کارڈز کے ساتھ احتجاج کیا اور ٹریفک کی روانی متاثر کی۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غزہ مارچ کے دوران بعض مقررین نے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیں۔ تقاریر میں کہا گیا کہ “ہماری فوج غلام ہے، ہماری ایجنسیاں غلام ہیں، اور یہاں اسلام کی بات کرنا جرم بن چکا ہے”۔ ان بیانات کو ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
مظاہرین کے خلاف یہ کارروائی راجہ شعیب مجسٹریٹ صدر اسلام آباد کی مدعیت میں دفعہ 188 ت پ کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اجتماع کے لیے کسی قسم کی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی، اور یہ اقدام دفعہ 144 کی صریح خلاف ورزی ہے، جو کہ 13 مارچ 2025 سے نافذ العمل ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، مظاہرین کی موجودگی سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی بلکہ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مقدمہ سب انسپکٹر عرفان عباس کی رپورٹ پر درج کیا گیا