سکھر( بیورو چیف دعاآن لائن نیوز سیدضیاءالرحمن ) سکھر ایکسپریس آئے روزکئی کئی گھنٹے
سکھر( بیورو چیف دعاآن لائن نیوز سیدضیاءالرحمن )
سکھر ایکسپریس آئے روزکئی کئی گھنٹے تاخیرکاشکار بدنظمی اور سہولیات کی کمی سے مسافر اور تاجر برادری پریشان ریلوے حکام کی عدم دلچسپی پرسوالات اٹھنے لگے اندرونِ سندھ کے شہریوں کے لیے کراچی جانے والی واحد مرکزی ریلوے سروس سکھر ایکسپریس بدانتظامی،مسلسل تاخیر اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکارہو کرعوام کے لیے باعثِ اذیت بن چکی ہے روزانہ کی بنیاد پر گھنٹوں تاخیر سے چلنے والی اس ٹرین نے نہ صرف مسافروں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے بلکہ تاجر برادری صحافیوں،عدالتی امور میں مصروف افراد اور کاروباری شخصیات کو بھی شدید متاثر کیا ہےمسافروں کا کہنا ہے کہ سکھر ایکسپریس کا نہ کوئی مقررہ وقت رہ گیا ہے اور نہ ہی ٹرین میں صفائی،روشنی یا پنکھوں سے ہوا کا معقول انتظام موجود ہے کئی مقامات پر ٹرین گھنٹوں اسٹیشنوں پرکھڑی رہتی ہے جس سے مسافر بے یار و مددگار انتظار کرنے پرمجبور ہوتے ہیں خواتین،بزرگوں اور بچوں کے لیے یہ صورتِ حال مزید اذیت ناک ہو جاتی ہے جبکہ ٹرین میں ٹوائلٹس کی ابتر حالت اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی مسائل کو مزید گھمبیر بنا دیتی ہےسکھر،شکارپور،جیکب آباد،لاڑکانہ،دادو اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے تاجر جو روزمرہ کی بنیاد پر کراچی کاروباری سرگرمیوں کے لیے سفر کرتے ہیں اس ٹرین کی بدانتظامی سے شدید نالاں ہیں ان کا کہنا ہے کہ وقت پر کراچی نہ پہنچنے کے باعث ان کے کاروباری معاہدے،ملاقاتیں اور عدالتوں میں پیشیاں متاثر ہو رہی ہیں جس سے انہیں مالی اور ذہنی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےریلوے سکھر ڈویژن کے افسران پراس تمام صورتحال کے باوجود غیرسنجیدگی اور بے حسی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے مسافروں اور تاجر برادری کی جانب سے متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں اور مقامی اخبارات میں سکھر ایکسپریس کی ناقص کارکردگی پرخبریں شائع ہوئیں لیکن افسوسناک طور پر نہ کوئی اصلاحاتی اقدام اٹھایا گیا اور نہ ہی کسی متعلقہ افسر نے اس پر وضاحت پیش کی یہ صورتحال ریلوے حکام کی لاتعلقی اور عوامی مسائل سے بے خبری کو ظاہر کرتی ہےمسلسل تاخیر ناقص سہولیات اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث سکھر ایکسپریس کی مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے لوگ اب متبادل نجی ٹرانسپورٹ یا دیگر ٹرینوں کو ترجیح دینے لگے ہیں جس سے نہ صرف ریلوے کا مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ قومی ادارے کی ساکھ بھی داؤ پر لگی ہوئی ہےشہریوں،سماجی تنظیموں،سیاسی و سماجی شخصیات اور تاجر برادری نے وفاقی وزیر ریلوے چیئرمین ریلوے اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر ایکسپریس کی موجودہ حالت کا فوری نوٹس لیا جائے عوامی رائے یہ ہے کہ اس سروس کو وقت کی پابندی،مکمل سہولیات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک فعال اور بااعتماد سفری ذریعہ بنایا جائے اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اندرونِ سندھ کے شہریوں کا ریلوے پرسے اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا جو ایک قومی نقصان سے کم نہ ہوگا