ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں پیش، بین الاقوامی وکیل جنیوا روانہ
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کا معاملہ اقوام متحدہ میں پیش، بین الاقوامی وکیل جنیوا روانہ
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف بین الاقوامی سطح پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ترک نژاد انسانی حقوق کے وکیل کرتولوش باشتیمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا مقدمہ اقوام متحدہ کے اس شعبے میں پیش کر رہے ہیں جو جبری اور غیر قانونی حراست کے خلاف کام کرتا ہے۔
کرتولوش باشتیمر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام تر قانونی مشاورت کے بعد انہیں یہ مقدمہ عالمی سطح پر اٹھانے کی باقاعدہ اجازت ملی ہے۔
یہ امکان موجود ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ کمیٹی اس مقدمے میں حکومتِ پاکستان سے جواب طلب کرے اور ڈاکٹر ماہ رنگ کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو 22 مارچ 2025 کو کوئٹہ میں ایک پرامن مظاہرے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد ملک اور بیرونِ ملک انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ کی گرفتاری اور اس کے خلاف بین الاقوامی قانونی کارروائی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اب عالمی اداروں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔