November 16, 2026

انسداد پولیو مہم 21 سے 25 اپریل تک جاری رہے گی، والدین بھرپور تعاون کریں: ڈپٹی کمشنر بہاول نگر

20250415_192740

انسداد پولیو مہم 21 سے 25 اپریل تک جاری رہے گی، والدین بھرپور تعاون کریں: ڈپٹی کمشنر بہاول نگر

بہاول نگر ( ) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے والدین حکومتی کوششوں کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین اور وٹامن اے کیپسول لازمی پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک مہلک بیماری ہے جس سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری لاحق ہو سکتی ہے، اور صرف ویکسینیشن ہی اس کا مؤثر حل ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عامر محمود، ڈی ایچ او، محکمہ صحت کے افسران، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے 23 اپریل تک جاری رہے گی، جبکہ 24 اور 25 اپریل کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کے تحت رہ جانے والے بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 592,575 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 2,786 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 136 فکسڈ، 2,562 موبائل اور 88 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون یقینی بنائیں تاکہ بہاول نگر کو پولیو فری ضلع بنایا جا سکے