بہاولنگر ( ) محکمہ تعلیم بہاولنگر میں بدعنوانیوں اور بےضابطگیوں کا سلسلہ تاحال
بہاولنگر ( ) محکمہ تعلیم بہاولنگر میں بدعنوانیوں اور بےضابطگیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حالیہ انکشافات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر ڈاکٹر اسحاق نے ایک مشکوک تعیناتی کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے متنازع مراسلہ جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حفیظ اللہ کی بیٹی گلشن حفیظ کو 17-A کے تحت 25 جولائی 2014 کو ملازمت دی گئی تھی، جبکہ اسی ملازم کے بیٹے محسن حفیظ خان ولد حفیظ اللہ کو بھی 7 نومبر 2020 کو گورنمنٹ ہائی اسکول چک نمبر 140/ مراد، تحصیل چشتیاں، ضلع بہاولنگر میں بطور جونیئر کلرک تعینات کردیا گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب سول سرونٹس (تقرری اور خدمات کے قواعد) 1974 کے قاعدہ 17-A کے مطابق، کسی بھی سرکاری ملازم کے انتقال یا ریٹائرمنٹ کی صورت میں صرف ایک بچے کو سرکاری ملازمت کا حق حاصل ہوتا ہے، جبکہ اس کیس میں دونوں بہن بھائیوں کو 17-A کے تحت ملازمت دینا قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق موجودہ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر اسحاق نے ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے محسن حفیظ کی تعیناتی کو 17-A کے تحت قانونی قرار دینے کی کوشش کی، اور اس کی بہن گلشن حفیظ کی تعیناتی کو روٹین آرڈر قرار دیا ہے۔ تاہم، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول 199/7R فورٹ عباس کی ہیڈ مسٹریس کی جانب سے جاری تعیناتی آرڈر میں گلشن حفیظ کی بھرتی واضح طور پر 17-A کے تحت درج ہے، جو سی ای او ایجوکیشن کے موقف کی نفی کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی بوگس تعیناتیوں سے نہ صرف دیگر مستحق افراد کے حقوق متاثر ہورہے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ ان بے ضابطگیوں پر ایجوکیشن اتھارٹی کے چیئرمین ذوالفقار احمد بھون، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔عوامی، سماجی، سیاسی اور صحافتی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم بہاولنگر میں جاری بدعنوانیوں، اقرباپروری اور لاقانونیت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔