November 16, 2026

*شور خاموشی* کبھی وقت تھا جب خاموشی ایک زبان تھی

IMG-20250414-WA0362

*شور خاموشی*
کبھی وقت تھا جب خاموشی ایک زبان تھی۔
آنکھوں کی نمی ایک فقرہ، چہرے کی مسکراہٹ ایک داستان، اور دل کی دھڑکن ایک پیغام ہوا کرتی تھی۔
انسان ایک دوسرے کو محسوس کرتا تھا، سمجھتا تھا، پڑھتا تھا۔۔۔ بغیر کہے، بغیر سنے۔
مگر پھر… انسان نے خاموشی سے اعتماد اٹھا لیا۔

اب ہر جذبہ، ہر احساس، ہر خیال کو آواز کی ضرورت پڑ گئی۔
ایسا لگا کہ جب تک کچھ بولا نہ جائے، وہ سچ نہیں۔
جب تک کچھ لکھا نہ جائے، وہ وجود نہیں رکھتا۔
خاموشی کو کمزوری کہا گیا، چپ کو شکست سمجھا گیا۔
اور یوں، خاموشی کی جگہ شور نے لے لی۔

پہلے دل سے دل جُڑتے تھے، اب دلیل سے دلیل ٹکراتی ہے۔
اب تو رشتوں کو بھی اظہار چاہیے، دوستی کو وفاداری کے ثبوت، اور احترام کو لفظوں کے سلام۔

الفاظ کا، آوازوں کا، الزامات کا، جذبات کا شور مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
گھروں میں شور، سڑکوں پر شور، دلوں میں شور۔
اور جب ہر کوئی بولنے لگا، تو سننے والا کوئی نہ رہا۔
ہر طرف ایک شور کی دیوار کھڑی ہو گئی۔
ایسی دیوار جو نہ صرف فاصلے پیدا کرتی ہے،
بلکہ رشتوں کی آواز بھی لوٹا دیتی ہے، جیسے کوئی دیوار کے اُس پار سے پکار رہا ہو… لیکن سنائی کچھ نہیں دیتا۔

یہ وہ دور ہے جہاں ہم سب کچھ کہہ تو رہے ہیں، مگر ایک دوسرے کو سمجھ نہیں رہے۔
جہاں لفظوں کی بھرمار ہے، مگر احساسات کی قلت۔
جہاں شور تو ہے لیکن سکون نہیں۔
جہاں آواز تو ہے لیکن حقیقت کھو چکی ہے۔

کاش…
ہم پھر سے خاموشی کو سیکھیں،
کاش ہم پھر سے سُننا سیکھیں،
کیونکہ کبھی کبھی ایک خاموش لمحہ،
ایک شور بھری تقریر سے کہیں زیادہ سچ بولتا ہے۔

*محمد عثمان حیدری*