November 16, 2026

خانیوال کبیر والا میں بیٹی کے جھوٹے الزام نے باپ کی زندگی برباد کر دی، عدالت میں سچ سامنے آگیا

20250410_183158

خانیوال

کبیر والا میں بیٹی کے جھوٹے الزام نے باپ کی زندگی برباد کر دی، عدالت میں سچ سامنے آگیا

کبیر والا کے ایک دل سوز واقعے نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ چند روز قبل مورخہ 09 اپریل 2025ء بروز بدھ کو ایک نوجوان لڑکی نے اپنے سگے باپ پر زیادتی کا سنگین الزام عائد کیا، جس کی بنیاد پر اسے فوری طور پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور ہر طرف باپ کے خلاف غصے کی لہر دوڑ گئی۔

تاہم اس واقعے نے اس وقت ایک نیا رخ اختیار کیا جب لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے سچ اگل دیا۔ اس نے بیان دیا کہ اس نے یہ سب کچھ کسی کے کہنے پر کیا کیونکہ اس کے والد اس کی پسند کی شادی کے خلاف تھے۔ لڑکی نے اعتراف کیا کہ اس نے باپ پر لگایا گیا الزام جھوٹا گھڑا تاکہ اس پر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کی شادی کروائی جا سکے۔

یہ بیان سن کر عدالت میں موجود ہر شخص سکتے میں آگیا۔ وہ باپ، جس نے اپنی بیٹی کو بچپن سے پالا پوسا، دن رات محنت کرکے اس کی ضروریات پوری کیں، آج پولیس وین میں بیٹھا بے بسی کی تصویر بنا ہوا تھا۔ اس کا چہرہ، جس پر دکھ، شرمندگی اور ٹوٹے ہوئے دل کے آثار صاف دکھائی دیتے تھے، معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف اس باپ کے لیے قیامت بن کر آیا بلکہ یہ پورے معاشرے کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ جھوٹے الزامات کے اس رجحان نے کئی بے گناہوں کی زندگی برباد کر دی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے حساس معاملات میں بغیر تحقیق اور ثبوت کے کسی پر الزام عائد نہ کیا جائے، اور قانون کو مکمل جانچ کا موقع دیا جائے۔

اللّٰہ پاک کسی دشمن کو بھی ایسی اولاد نہ دے آمین