بانجھ پن سدرہ بنت منور حسین ( فیصل اباد )
بانجھ پن
سدرہ بنت منور حسین ( فیصل اباد )
بانجھ بہت زرخیز لفظ ہے جس کے لیے یہ لفظ بولا جائے وہ تو بانجھ ہے مگر یہ لفظ بانجھ نہیں ۔کیونکہ جس عورت کے ساتھ یہ لفظ جڑ جائے اس لفظ کی زرخیزی وہی جانتی ہے۔ یہ ایک لفظ جنم دیتا ہے درد کو تکلیف کو طنز کو بے توقیری کو بے گھر ہونے کے خوف کو معاشرے کے چھپتے ہوئے سوالوں کو ان بے رحم نظروں کو جو وجود پر پڑے تو وجود چھلنی ہو جائے
بغیر کسی جرم اور گناہ کے بھی اپنا وجود ایک بھاری گناہ کے بوجھ کے جیسا محسوس ہونے لگے ۔
ایسے بہت سے کردار ہمارے ارد گرد موجود ہیں جو اس لفظ کی سختیاں ایسے برداشت کر رہے ہیں جیسے صحرا میں بھٹکا ہوا مسافر کڑی دھوپ اور پیاس کی شدت سے نڈھال ہو اور ارد گرد اس کے دکھ اور اس تکلیف کو محسوس کرنے والا کوئی نہیں ۔
یہ ہمارے معاشرے کا ایک تکلیف دہ اور تاریک پہلو ہے۔ ۔ ہم نے سالہا سال ہندو تہذیب و تمدن میں گزارے ازادی کے باوجود اس تہذیب اور ان معاشرتی روایات کی چھاپ اج بھی ہمارے دل و دماغ میں موجود ہے جو نسل در نسل ہمارا پیچھا نہیں چھوڑ رہی۔۔ بانجھ عورت کے لیے حقارت اور بے توقیری اسی تمدن کی مرحون منت ہے کیونکہ دین اسلام میں ایسے کسی فعل کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی ہمیں اسلام میں ایسی کوئی مثال ملتی ہے ۔۔ ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے کم عمر ترین اور واحد کنواری زوجہ تھی۔۔ مگر ان کے باطن سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی اولاد پیدا نہیں ہوئی ۔۔۔ ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عمر میں بڑی تھی ان کے باطن سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالی نے اولاد عطا فرمائی ۔۔ . کیونکہ یہ میرے رب کی تقسیم ہے اس کا اختیار کسی عورت یا مرد کے ہاتھ میں نہیں ۔۔وہ اپنی تقسیم پر مکمل قادر ہے وہ چاہے تو مریم علیہ السلام کو بغیر باپ کے بیٹا عطا کرے ۔۔۔وہ چاہے تو زکریا علیہ السلام کو بڑھاپے میں یحیی علیہ السلام کی خوشخبری دے ۔۔۔وہ چاہے تو سیدہ سارہ کو اسحاق علیہ السلام کی بشارت دے ۔۔ وہ چاہے تو بڑھاپے میں عطا کرے اور وہ چاہے تو کم عمر ترین کو بے اولاد رکھے ۔۔
کیونکہ یہ اس کے فیصلے ہیں اور اس کا ہر فیصلہ حکمت سے لبریز ہے ۔۔۔۔۔
اللہ تعالی نے قران میں فرمایا
لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِؕ-یَخْلُقُ مَا یَشَآءُؕ-یَهَبُ لِمَنْ یَّشَآءُ اِنَاثًا وَّ یَهَبُ لِمَنْ یَّشَآءُ الذُّكُوْرَ(49)اَوْ یُزَوِّجُهُمْ ذُكْرَانًا وَّ اِنَاثًاۚ-وَ یَجْعَلُ مَنْ یَّشَآءُ عَقِیْمًاؕ-اِنَّهٗ عَلِیْمٌ قَدِیْرٌ(50) سورہ الشوری
ترجمہ:
اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں اور زمین کی سلطنت پیدا کرتا ہے جو چاہے جسے چاہے بیٹیاں عطا فرمائے اور جسے چاہے بیٹے دے یا دونوں ملا دے بیٹے اور بیٹیاں اور جسے چاہے بانجھ کردے بےشک وہ علم و قدرت والا ہے
{یَهَبُ لِمَنْ یَّشَآءُ اِنَاثًا: جسے چاہے بیٹیاں عطا فرمائے۔ آیت کے اس حصے اور ا س کے بعد والی آیت میں اللہ تعالیٰ نے عالَم میں اپنے تَصَرُّف اور اپنی نعمت کو تقسیم کرنے کی صورتیں بیان فرمائی ہیں ،چنانچہ ارشاد فرمایا کہ وہ جسے چاہے صرف بیٹیاں عطا فرمائے اور بیٹانہ دے اور جسے چاہے صرف بیٹے دے اور بیٹیاں نہ دے اور جسے چاہے بیٹے اور بیٹیاں دونوں ملا کردے اور جسے چاہے بانجھ کردے کہ اس کے ہاں اولاد ہی نہ ہو۔ وہ مالک ہے، اپنی نعمت کو جس طرح چاہے تقسیم کرے اورجسے جو چاہے دے۔ انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام میں بھی کئی صورتیں پائی جاتی ہیں ، جیسا کہ حضرت لوط اور حضرت شعیب عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ہاں صرف بیٹیاں تھیں ،کوئی بیٹا نہ تھا جبکہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ہاں صرف بیٹے تھے ،کوئی بیٹی نہیں تھی اور انبیاء کے سردار، حبیب ِخدا،محمد مصطفٰی صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اللہ تعالیٰ نے چار (یا تین)فرزند عطا فرمائے اور چار صاحب زادیاں عطا فرمائیں ۔
اس ایت سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے اللہ کی تقسیم میں انسان کا کوئی اختیار نہیں پھر عورت کو اس چیز کا مورد الزام ٹھہرانا الفاظ کے تیروں سے زندگی اجیرن کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔۔۔۔۔ ہمارے معاشرے میں کبھی بھی اس حقیقت کو تسلیم نہیں کیا گیا بانجھ پن کی وجہ عورت ہی نہیں مرد بھی تو ہو سکتا ہے اگر عورت میں جسمانی نقائص پیدا ہو سکتے ہیں تو مرد بھی اسی طرح سے جیتا جاگتا انسان ہے وہ بھی نقائص کا شکار ہو سکتا ہے ۔،۔
اگر کسی جوڑے کے ہاں اولاد نہیں تو ہمارے ہاں یہ بہت معمولی سی بات ہے کہ سب لوگ ان کی ذاتی زندگی میں ضرور مداخلت کریں گے بلکہ ثواب کا کام سمجھتے ہوئے کوئی بھی اس سعادت سے محروم نہیں رہنا چاہتا
طرح طرح کے سوالات حکیموں اور ڈاکٹروں کے نسخے بتا بتا کے ان کے ان زخموں کو کرید نے کی کوشش کرتے ہیں جن پر وہ مرہم رکھنے کی کوشش میں ہوتے ہیں ۔۔۔۔ ان سوالوں سے جو تکلیف اور کرب محسوس ہوتا ہے اس کا اندازہ سوال کرنے والے کو بالکل بھی نہیں ہوتا ۔۔۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی پیدا کریں کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت اور اس طرح کے ذاتی نوعیت کے سوالات کرنے سے گریز کریں ۔۔۔جس سے کسی دوسرے کی دل ازاری ہو ۔۔ یہ تو اتنی لمبی بات ہو گئی ہمارے معاشرے کے اس تلخ پہلو پہ جس کا سامنا ہم میں سے ہر روز بہت سی خواتین کرتی ہیں ۔۔۔ مگر ہم اب بات کریں گے کہانی کہ بنیادی کردار کی یعنی ایسی خواتین کی جو اس تکلیف سے گزر رہی ہیں میں اپنی تمام ایسی بہنوں سے چند گزارشات کرنا چاہوں گی جن پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کی بہت ساری الجھنوں کو کم کر سکتی ہیں ۔۔۔
ہمیشہ اپنے رویے کو مثبت رکھیں اللہ کی رحمت سے کبھی بھی مایوس نہیں ہونا کیونکہ اللہ تعالی نے فرمایا کہ مایوسی کفر ہے تو اہل ایمان کبھی بھی کفر کے راستے پر نہیں چلتے ۔۔۔اگر اللہ تعالی نے کوئی ایک نعمت نہیں دی تو ہر وقت صرف اسی کا رونا رونا بالکل بھی پسندیدہ عمل نہیں ہے ۔اگر ہم اپنے ارد گرد غور کریں تو اللہ تعالی نے ہمیں بے شمار نعمتیں عطا کی ہیں ایسی نعمتیں جن کی بہت سے لوگ خواہش کرتے ہیں ۔۔اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے ان تمام چیزوں کے لیے ان تمام نعمتوں اور اسائشوں کے لیے جو اس نے ہمیں عطا کی ۔۔۔۔خود کو قابل رحم ترس کے قابل سمجھنا انتہائی گھٹیا سوچ ہے کیونکہ سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے انہوں نے کبھی بھی خود پر اس چیز کو مسلط نہیں کیا ۔۔۔کبھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی ایسی بات کا شکوہ نہیں کیا ۔۔بلکہ انہوں نے اپنی صلاحیتیں دین کی خدمت اور اشاعت میں لگائی۔۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جیسے محبوب شوہر کے انتقال کے بعد بھی خود کو کوئی روگ لگا کر نہیں بیٹھے بلکہ ہمیشہ دین کے کام کے لیے کمر بستہ رہی یہی وجہ ہے کہ اج نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذاتی زندگی کے تمام پہلو ہمارے سامنے واضح ہیں کیونکہ سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ نے تمام پہلوؤں کو واضح کیا اس سے ہمیں کیا سبق ملتا ہے ؟؟؟ اگر اللہ تعالی نے ایک نعمت نہیں دی تو ہو سکتا ہے اللہ تعالی ہم سے کوئی اور بہترین کام لینا چاہتے ہوں ۔۔۔خود کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا بہترین عمل ہے اور دینی سرگرمیوں سے زیادہ مثبت کوئی اور عمل نہیں ہو سکتا ۔۔۔۔اللہ تعالی کے نبی محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اس حدیث پر عمل کریں
تم میں سے بہترین وہ ہے جو قران سیکھیں اور سکھائیں ۔
تو قران سے زیادہ بابرکت اور مثبت عمل اور کوئی نہیں ہو سکتا ۔۔اپنی صلاحیتوں کو پہچانے اور اور ان کو پروئے کار لائیں ۔ اللہ تعالی سے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ خود کو پوزیٹو رکھیں
اپنے ہر دکھ اور تکلیف کا اظہار صرف اس رب کے سامنے کریں جو ہر دکھ اور ہر تکلیف کا مداوا کرنے پر قدرت رکھتا ہے
االلہ تعالی ہم سب کے لیے اسانیاں فرمائے امین یا رب العالمین