*پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹی، اس کا سربراہ اپوزیشن میں اور بقایا حکومت میں ہیں: مولانا فضل الرحمان*
*پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹی، اس کا سربراہ اپوزیشن میں اور بقایا حکومت میں ہیں: مولانا فضل الرحمان*
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں بننے والا اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ابھی تک نہیں ٹوٹا، اِس وقت اس کا سربراہ اپوزیشن میں اور بقایا حکومت میں ہیں۔
تونسہ میں جلسہ عام سے خطاب میں فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہماری پسماندگی کاغلط استعمال ہورہا ہے، ہماری غربت کو ہماری کمزوری تصور کیا جا رہا ہے، ہم جبر ظلم کےخلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں فلسطین میں 60 ہزار شہری بمباری سے شہید ہوئے، تمہارے ہاتھوں سے انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا انسانی حقوق کا قاتل ہے اور اسرائیلی وزیراعظم جنگی جرائم کا مرتکب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ بھی حمایت کرنے پر برابر کے مجرم ہیں، مسلمان حکمران اگر خاموش ہیں، وہ بھی جبر میں شریک ہیں، غزہ میں بچے، جوان اور بوڑھے موت کا انتظار کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے پارلیمنٹ میں ہم نمائندگی کر رہے ہیں، ہم نے ایک فیصلہ بھی اپوزیشن جماعتوں سے مشورے کے بغیر نہیں کیا اور ترمیم میں ہماری تجویز تھی کہ آئینی عدالت قائم ہو جو سیاسی کیسز کے فیصلے کرے۔
ان کا کہنا تھاکہ قوم کے اندر سیاسی شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پی ڈی ایم کا صدر تھا، پی ڈی ایم ابھی تک نہیں ٹوٹی، اس کاسربراہ اپوزیشن میں اور بقایاحکومت میں ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اتحاد بنایا تھا اور اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تھے۔