خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن خوشاب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شعبہ ء
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن خوشاب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب شعبہ ء تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خوشاب کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلہ میں تمام ایجوکیشن آفیسرز کی زیر نگرانی ہیڈماسٹرز اور ٹیچرزکی کوششوں سے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں لایا جارہاہے اور اس حوالے سے والدین کا سرکاری تعلیمی اداروں پر اعتماد قابل صد ستائش و لائق تحسین و آفرین ہے ۔ سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سرکاری سکول ، معیاری سکول کے سلوگن کی پاسداری کےلیے بچوں کی بھرپور تعلیم وتربیت کی خاطر تمام دستیاب وسائل کوبھرپورطریقے سے بروءے کار لایا جاءے گا۔ ڈاکٹر محمد قیوم خان نےمزید کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے ضلع خوشاب میں سولرائزیشن کا عمل تیزی سے جاری و ساری ہے ۔ مخیر حضرات اور صاحب ثروت افراد کے تعاون سے اب تک 30 سرکاری تعلیمی اداروں کو سولر سسٹم کی سہولت مہیا ہو چکی ہے انشاءاللہ ہم یہ عظیم علم دوست مشن جاری و ساری رکھیں گے ۔ انہوں نے ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں سولر سسٹم عطیہ کرنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ عمل صدقہ ء جاریہ ہے کیونکہ سکولوں میں اس سہولت کی فراہمی سے خصوصا” موسم گرما میں برقی رو کے تعطل کی وجہ سے اب بچوں کے تعلیمی عمل میں پیدا ہونے والے خلل سے نجات ملے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن خوشاب نے اس سلسلے میں ضلع خوشاب کے جملہ ایجوکیشن آفیسرز کے ٹیم ورک کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا۔