پشاورتاریخی مسجد مہابت خان میں 27 رمضان المبارک کی شب پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیہ اجتماع پشاور (سید گوہر شاہ)
پشاورتاریخی مسجد مہابت خان میں 27 رمضان المبارک کی شب پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیہ اجتماع
پشاور (سید گوہر شاہ)
پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان میں 27 رمضان المبارک کی شب ایک عظیم الشان دعائیہ اجتماع منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس بابرکت رات میں پاکستان کے قیام کی نسبت سے شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے چیف خطیب مولانا طیب قریشی نے کہا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک 1947 کو معرضِ وجود میں آیا، اور آج ہم اس بابرکت شب میں اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لاتے ہیں کہ ہمارا ملک قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ریاست ہے جو دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آئی، اور اس کے قیام کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی افواج، پولیس، اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کی واحد ایٹمی طاقت ہے اور اس کی حفاظت کے لیے پوری قوم یکجا ہے۔
اجتماع میں ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں، شہریوں اور حال ہی میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل حافظ عاصم منیر کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے بھی دعا کی گئی۔
آخر میں مولانا طیب قریشی نے پوری قوم کو تجدیدِ عہد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستان کی ترقی، استحکام اور بقا کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے اور پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور وفاداری کو برقرار رکھیں گے۔