ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس
ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس
بہاولنگر() ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو ویکسین پلانے کو یقینی بنایا جائے اور مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 اپریل سے 23 اپریل تک پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین پلائیں گی، جبکہ 24 اور 25 اپریل کو کیچ اپ ایکٹیویٹی ہوگی۔ ضلع میں 592,575 بچوں کو ویکسین دینے کے لیے 2786 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 136 فکسڈ، 2562 موبائل، اور 88 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں اور پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ ملک کو پولیو سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔