November 16, 2026

والدین کا استحصال بند کیا جائےسکول فیس پر ناجائز جرمانے کسی صورت قبول نہیں: غلام بلال جاوید

IMG-20250322-WA0174

والدین کا استحصال بند کیا جائےسکول فیس پر ناجائز جرمانے کسی صورت قبول نہیں: غلام بلال جاوید

پشاور: (سید گوہر شاہ) پشاور ٹریڈرز چیمبر کے صدر غلام بلال جاوید نے نجی اسکولوں کی لوٹ مار اور والدین کے استحصال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول مافیا کو لگام ڈالی جائے اور ان کی من مانیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بیکن ہاؤس اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے تعلیم کے نام پر کاروبار چلا رہے ہیں۔ دو یا تین دن کی تاخیر پر جرمانے لگا کر والدین کو لوٹا جا رہا ہے۔ اگر کسی کی فیس تین ماہ تک ادا نہ ہو تو جرمانہ لگایا جا سکتا ہے، مگر چند دن کی تاخیر پر والدین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں!

تعلیم بیچنے والے لٹیرے سن لیں! والدین کو مجبور کر کے مخصوص دکانوں سے کتابیں اور کاپیاں خریدوانا سراسر دھوکہ دہی ہے۔ اسکولوں نے اپنی مرضی کی کتابیں تیار کروائیں اور پھر اپنی پسندیدہ دکانوں کو بیچنے کا ٹھیکہ دے کر عوام کو لوٹنے کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اس وقت ایک بچے کی کتابیں اور کاپیاں ہزاروں روپے میں فروخت کی جا رہی ہیں، جو کہ والدین کی کھلی لوٹ مار ہے۔ ہم یہ نہیں ہونے دیں گے! ہر طالب علم کو کسی بھی دکان سے کتابیں اور کاپیاں خریدنے کی آزادی ہونی چاہیے، جیسا کہ پہلے ہوتا تھا۔

ہم دہشت گردی اور مہنگائی کی چکی میں پہلے ہی پس رہے ہیں! خیبر پختونخوا میں روزانہ بم دھماکے، اغوا برائے تاوان اور قتل و غارت ہو رہی ہے، کاروباری طبقہ برباد ہو چکا ہے، اور اس پر یہ ٹک ٹاکر حکومت جوفارم47 کے ذریعے ہم پر مسلط کی گئی ہے، عوام کا خون چوسنے پر تلی ہوئی ہے۔ حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ ایسے حالات میں بھی عوام پر مزید ظلم کیا جا رہا ہے۔

میں واضح طور پر اعلان کرتا ہوں کہ اگر اسکولوں کی یہ بدمعاشی بند نہ ہوئی تو سخت احتجاج کیا جائے گا! میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان آفریدی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر نجی اسکولوں کی من مانی بند کرائیں، فیس پر جرمانے مکمل ختم کیے جائیں اور کتابوں کی فروخت کو آزاد کیا جائے۔ اگر حکومت نے یہ معاملہ سنجیدگی سے نہ لیا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے!