November 16, 2026

*ایک مرد کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم،* *ایک عورت کی تعلیم پورے کنبے کی تعلیم*

IMG-20250318-WA0357

*ایک مرد کی تعلیم ایک فرد کی تعلیم،*
*ایک عورت کی تعلیم پورے کنبے کی تعلیم*

*خضدار میں تعلیمی انقلاب کی طرف ایک قدم، بچیوں کی اسکول داخلہ مہم کی ریلی*

خضدار میں اسکول داخلہ مہم کے سلسلے میں بچیوں نے ریلی کا انعقاد کیا ریلی گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول خضدار سے شروع ہو کر خضدار پریس کلب تک پہنچی، جہاں پر سینکڑوں بچیوں نے بھرپور شرکت کی ریلی میں شریک بچیوں نے اپنے ہاتھوں میں آگاہی کے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تعلیم کے فوائد اور اس کی اہمیت کے بارے میں پیغامات درج تھے اس ریلی کی قیادت خضدار کی تمام فیمیل ڈپٹی ڈی ای اوز نے کی، جن میں ڈپٹی ڈی ای او خضدار شبانہ نیاز، ڈپٹی ڈی ای او زہری شہلا زہری، ڈپٹی ڈی ای او نال فرزانہ اور ماڈل ہائی اسکول خضدار کی ہیڈ مس سعیدہ شامل تھی۔

ریلی نئے تعلیمی سال کی ابتدا کے موقع پر نکالی گئی تھی، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکول میں داخلہ دلوانا اور انہیں تعلیم کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔ اس اقدام کا مقصد تمام بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ مقررین نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا صرف بچوں کا حق نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کی ضمانت ہے ایک مرد کی تعلیم صرف اس کے فرد کی ترقی کے لیے اہم ہے، جبکہ ایک عورت کی تعلیم پورے خاندان کی ترقی کی راہ ہموار کرتی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈی ای اوز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں اور ان کے لیے ایک روشن مستقبل کا راستہ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو علم سے آراستہ کریں کیونکہ تعلیم نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے معاشرے کے لیے مفید ہے۔

ان تمام اقدامات کے ذریعے، یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ تعلیم کا حق ہر بچے کو ملنا چاہیے اور یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ ترقی کرے، تو اس کے لیے ہمیں بچوں اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔