November 16, 2026

اساتذہ کو “گند” کہنے والے خود کس زمرے میں آتے ہیں؟ تحریر: عقیل احمد کلیار

20250308_133310

اساتذہ کو “گند” کہنے والے خود کس زمرے میں آتے ہیں؟
تحریر: عقیل احمد کلیار
مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجمن اساتذہ پاکستان

اساتذہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، جن کی محنت اور قربانیوں سے نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ یہ وہ عظیم ہستیاں ہیں جو کم وسائل، ناگفتہ بہ حالات اور ناقص پالیسیوں کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی رکنِ اسمبلی اساتذہ کو گدھے گھوڑے یا “گند” جیسے الفاظ سے نوازے تو یہ محض ایک غیرذمہ دارانہ بیان نہیں بلکہ پورے تعلیمی نظام اور استاد کے مقدس رتبے پر حملہ ہے
پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اسکول ایجوکیشن کے اجلاس میں ایم پی اے امجد علی جاوید نے جو نازیبا الفاظ استعمال کیے، وہ نہ صرف اخلاقی گراوٹ کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ ان کی ذہنی سطح کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا کہ “اساتذہ گدھے گھوڑے ہیں” اور “جو ریٹائرمنٹ لینا چاہتے ہیں، انہیں جانے دیں – اس سے گند صاف ہو جائے گا”، کسی بھی طرح قابلِ قبول نہیں۔کیا اساتذہ کو جعلی ڈگریوں پر بھرتی کرنے والے خود احتساب کے لیے تیار ہیں؟
اگر کچھ عناصر جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے ہیں تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟ حکومت اور اس کے متعلقہ ادارے! توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے بجائے وہ اپنے نظامِ بھرتی اور نگرانی کو مؤثر بناتے۔ کیا کبھی اسمبلی میں ان سیاستدانوں پر بات ہوئی جو جعلی ڈگریوں پر ایم پی اے اور ایم این اے بنے؟ کیا کبھی ان بیوروکریٹس سے پوچھا گیا جنہوں نے رشوت لے کر جعلی ڈگری ہولڈرز کو بھرتی کیا؟ نہیں! اس کا مطلب یہ ہے کہ اصل مسئلہ نظام کی اصلاح نہیں، بلکہ اساتذہ کی بےعزتی کرنا ہے۔اجلاس کے دوران چیئرمین نے نازیبا الفاظ حذف کروا دیے، جو کہ ایک مثبت قدم تھا۔ لیکن محض الفاظ حذف کر دینا کافی نہیں! ایسے بیانات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔اساتذہ کی عزت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا!
استاد صرف ایک سرکاری ملازم نہیں بلکہ معاشرے کا معمار ہے۔ اس کی عزت پر حملہ کرنا، درحقیقت پوری قوم کی تذلیل کے مترادف ہے۔ حکومتی شخصیات اور عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، بجائے اس کے کہ وہ ان معمارانِ قوم کی تضحیک کریں۔
یہ قوم اساتذہ کی بے توقیری کسی صورت برداشت نہیں کرے گی!
انجمن اساتذہ پاکستان