162

“محر م الحرام کے موقع پر حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع خوشاب میں اقدامات” خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف

“محر م الحرام کے موقع پر حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع خوشاب میں اقدامات”

خصوصی تحریر : راجہ نورالہی عاطف

حکومت پنجاب کی طرف سے محرم الحرام کے مو قع پر صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے عام حالات میں ترجیحی بنیادوں پر ہمہ جہت اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مچابق ضلع خوشاب میں بھی محرم الحرام کے حساس ایام کے دوران درپیش چیلنجوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ خوشاب کی طرف سے اضافی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔اس ضمن میں تحفظ عامہ کے ہر زاویئے کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھوس اور جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس پر موثر انداز میں عمل درآمد کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر انتظامی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم کے حوالے سے ضروری انتظامات کی خود پیش بندی کی اور سیکیورٹی اداروں سے ان انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرایا، کیونکہ وہ امن قائم رکھنے کے سلسلے میں کسی بھی انتظامی کمزوری کو نہیں دیکھنا چاہتیں۔ انہوں نے پولیس اور اضلاع کی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایات جاری کی ہیں کہ محرم کے تقدس پر آنچ نہ آئے اور ایسے تمام خدشات و اندیشوں کا یکسر خاتمہ کر دیاجائے جو امن کے لئے خطرہ ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبے بھر کی طرح ضلع خوشاب میں بھی محرم الحرام میں امن وامان کی فضا ء کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات کر لئے گئے ہیں۔محرم الحرام کے موقع پرامن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ نے مکمل ضا بطہ تیار کر لیا ہے۔ پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر انتظامی محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے ٹھوس انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام الناس کو کسی بھی قسم کی غیرمعمولی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیررانا کی ہدایات پر جوہرآباد اور خوشاب شہر میں محرام الحرام کے جلوس روٹس اور مجالس اعزاء کے مقامات کی نگرانی جاری ہے، تمام مجالس اعزاء اور محرم روٹس پر حفاظتی اقدامات کر لئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو محرم الحرام کے حساس ایام میں الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ محرم الحرام کے جلوس روٹس اور مجالس اعزاء کے مقامات پر لائٹنگ اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جبکہ جلوس روٹس پر بجلی کی جھولتی تاروں کو بھی ٹھیک کرایا جارہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام میں مثالی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔اس سلسلہ میں کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستعدی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے موقع پرامن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے شرپسندعناصرکے مذموم عزائم کو عوام الناس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے خاک میں ملایا جائے گا اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر تمام فورسز متحرک ہیں اور ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں کی مکمل نگرانی کا عمل جاری ہے، عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈویژنل کمشنر سر گو دہا محمد اجمل بھٹی نے ضلع خوشاب کا دورہ کرکے ضلعی انتظامیہ و پولیس کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے تاکہ کسی جگہ کوئی خامی، کمی، کوتاہی نہ رہے اور ایسے ٹھوس و پائیدار انتظامات کو یقینی بنایا جائے کہ سیکیورٹی امور کی بدولت مُلک دشمن عناصر کو تخریب کاری کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ پلان کے تحت سخت ترین سیکیورٹی کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق
نو اور دس محرم الحرام کو پنجاب بھرکی طرح ضلع خوشاب میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم کو فعال کر دیا ہے جو کہ 24/7 راؤنڈ دی کلاک کام کرے گا ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکار تین شفٹ میں ڈیوٹی پر موجود ہوں گے اس حوالے سے ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت، فیسکو،میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، شہری دفاع،ریسکیو 1122، محکمہ شاہرات، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل کے نمائندگان بھی ہمہ وقت کنٹرول روم میں موجود ہوں گے تاکہ ان کے محکموں کے متعلقہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں