خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف آرگنائزر لٹریری اینڈ سپورٹس ایکٹیوٹیز ضلع خوشاب ملک
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف آرگنائزر لٹریری اینڈ سپورٹس ایکٹیوٹیز ضلع خوشاب ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا ہے کہ ملک محمد سلیم سعد واگھرہ بزم سعد شاہ والا جنوبی کے پلیٹ فارم سے پنجابی اور سرائیکی ادب کے فروغ، ترویج اور ادبی روایات کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی ادبی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جن پر ہم انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وہ میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی تہذیبی، ثقافتی اور ادبی شناخت کو برقرار رکھنے میں ادبی شخصیات اور تنظیموں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ بزم سعد شاہ والا جنوبی کے زیرِ اہتمام ادبی سرگرمیاں پنجابی اور سرائیکی زبان و ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھنے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے مزید کہا کہ ضلع خوشاب میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ، کھیلوں کی ترویج اور نوجوان نسل کو مثبت و صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ہمارا ادبی اور سپورٹس تنظیموں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ انشاء اللہ ہم اس مقصد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادیبوں، شاعروں، اہلِ قلم، سماجی شخصیات اور کھیلوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی مثبت کاوشوں کی سرپرستی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔